جمعرات 16 مئی 2024

سندھ سے وعدہ ہے ترجیحی بنیادوں پر کے 4 مکمل کروائیں گے: اسد عمر

سندھ سے وعدہ ہے ترجیحی بنیادوں پر کے 4 مکمل کروائیں گے: اسد عمر

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ کے 4 کراچی کے عوام کے لیے انتہائی اہم منصوبہ ہے، سندھ اور کراچی کی عوام سے وعدہ ہے ترجیحی بنیادوں پر کے 4 مکمل کروائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ آئندہ بجٹ میں لیاری کے لیے فٹبال گراؤنڈ کا بجٹ منظور کریں گے، عوامی ترقی اور فلاح کے منصوبوں پر کوئی سیاست نہیں ہے۔ ناردرن بائی پاس اور لیاری ایکسپریس میں سے کسی ایک کی منظوری دی جائے گی۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات میں بھی کراچی کے منصوبوں پر بات ہوئی، کراچی کے عوام کے لیے انتہائی اہم منصوبہ کے فور کا ہے، کے فور منصوبے کا ڈیزائن دوبارہ بن چکا ہے۔ سندھ اور کراچی کی عوام سے وعدہ ہے ترجیحی بنیادوں پر کے فور مکمل کروائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم فروری میں بڑے بڑے فیصلے کرنے جا رہے ہیں، فیصلوں سے مہنگائی کی کمر توڑ دی جائے گی۔ وزیر اعظم نے فیصلہ کر لیا مہنگائی کے ذمے دار ہیں ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہم کہتے ہیں یہ شہر ان کا ہے جو عوام کے درد کا احساس رکھتے ہیں، شہر کا درد سمجھنے والی حکومت آئی ہے اس لیے کراچی ہمارا اور ہم اس کے ہیں۔ ایم کیو ایم سے کوئی ناراضگی نہیں، دونوں پارٹیاں چاہتی ہیں کہ کام ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے زبردست منصوبہ ہے، صوبائی حکومت کے پاس سارا نظام موجود ہے۔ وفاقی حکومت سندھ کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے۔ کراچی اور سندھ کے ترقیاتی کاموں پر سیاسی اختلاف نہیں۔

Facebook Comments