جمعہ 26 اپریل 2024

ایسے جرم کا سامنا کر رہا ہوں جو کیا ہی نہیں

لاہور (دھرتی نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ وہ ایسے جرم کا سامنا کر رہے ہیں جو انہوں نے کیا ہی نہیں۔

 دھرتی نیوز کی ذرائع کی رپورٹ کے  مطابق شوگر بحران میں مبینہ طور پر ملوث چنگیر ترین کا کہنا ہے کہ ناانصافی کے خلاف آخری وقت تک لڑوں گا ، ہر حد تک جدوجہد کروں گا۔لاہور میں میڈیا سے مختصر گفتگو کے دوران جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ وہ پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی رہنماؤں کے شکرگزار ہیں جنھوں نے ان کا ساتھ دیا ہے۔
وہ ایسے جرم کا سامنا کر رہے ہیں جو انہوں نے کیا ہی نہیں۔ان کا ساتھ دینے والے سیاسی رہنماؤں نے حق اور سچ کا ساتھ دیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے بھی جہانگیر ترین کے معاملے پر پی ٹی آئی رہنماؤں کو بات کرنے سے روک دیا ، وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کردی ہے کہ جہانگیر ترین کے معاملے پر بیان بازی سے گریز کریں جب کہ حکومتی وزرا نے وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کے مابین رابطے کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں ، ذرائع نے بتایا کہ بعض حکومتی وزرا نے جہانگیر ترین سے بیک ڈور رابطے بھی کیے۔
وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی بھی جہانگیر ترین سے صلح کے خواہشمند ہیں ، اس حوالے سے جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے بھی رابطے تیز کر دئے ہیں ، حکومتی اراکین کا کہنا ہے کہ چاہتے ہیں معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہو ، جس کے لیے سخت بیانات سے گریز بہت زیادہ ضروری ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ برس ایف آئی اے میں چینی بحران اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، جہانگیر ترین کی عدالت میں پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی اور کچھ مشیروں نے بھی ان سے اظہار یکجہتی کیا تھا جس کے بعد پی ٹی آئی کی صفوں میں تقسیم کی چہ مگوئیاں ہونے لگی تھیں ، جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے قومی اور صوبائی ارکان قومی اسمبلی اور مشیران نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا تھا، جس میں وزیراعظم سے جہانگیر ترین کے معاملے پر ذاتی دلچسپی لینے کی درخواست کرتے ہوئے وزیراعظم سےملاقات کے لیے وقت مانگا تھا۔

Facebook Comments