پیر 20 مئی 2024

لاہور، نوجوانوں کے ہجوم نے معروف ٹک ٹاکر خاتون کو گھیر لیا

لاہور (دھرتی نیوز ) معروف ٹک ٹاکر خاتون کے ساتھ لاہور کے معروف پارک میں بدتمیزی کا واقعہ پیش آیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے گریٹر پارک میں خاتون ٹک ٹاکر سے بدتمیزی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ٹک ٹاکر سے بدتمیزی کے واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آ گئی ہے۔خاتون کو تنگ کرنے کا یہ واقعہ دو روز قبل یوم آزادی کے موقع پر پیش آیا تھا۔
پارک میں موجود منچلوں نے ٹک ٹاک بنانے والی خاتون کو گھیر لیا اور بدتمیزی شروع کر دی۔خاتون 14 اگست کے حوالے سے ویڈیو بنا رہی تھی جب نوجوانوں نے گھیر لیا۔ایک نوجوان نے انتہائی مشکل سے خاتون کو ہجوم میں سے نکالا اور اس کی جان بچائی۔ویڈیو وائرل ہوئی تو پولیس بھی حرکت میں آ گئی۔ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے ایس پی سٹی کو ملزموں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔

 

ان کا کہنا ہے کہ فوٹیج کی مدد سے ملزموں کو ٹریس کرکے قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔واقعے کا مقدمہ تھانہ لاری اڈا میں درج کر لیا گیا ہے اور جلد ہی ملزمان کی گرفتاری کر لی جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ خواتین کی عزت مقدم اور ہراساں کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کی ویڈیو فرانزک کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی جائے گی۔
یہاں واضح رہے کہ مذکورہ موبائل ایپ ٹک ٹاک پاکستان میں کئی مرتبہ بلاک بھی کی جا چکی ہے۔ ٹک ٹاک پاکستان میں سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی موبائل ایپ ہے، جبکہ اسنیک ویڈیو نے بھی حال ہی میں مقبولیت حاصل کی ہے۔پاکستان میں ٹک ٹاک کو بین کرنے کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔جبکہ ٹک ٹاک استعمال کرنے کے خلاف فتوے بھی جاری کیے جاتے ہیں یہاں تک کہ جامعہ بنوری ٹاون نے بھی ٹک ٹا ک کا استعمال حرام قرار دے دیاتھا۔

https://youtu.be/zwvxoxRAY8Y

Facebook Comments