جمعہ 29 مارچ 2024

اینڈرائیڈ سے 6 گنا تیز ایپل آئی پیڈ متعارف

ایپل کے ورچوئل ایونٹ کے دوران آئی فون 13 کے ساتھ نئے آئی پیڈ ماڈلز کے اپ گریڈ ورژن کو بھی لانچ کیا گیا ہے۔

نئے آئی پیڈ میں تیز پروسیسنگ کے لیے اے 13 چپ استعمال کی گئی ہے جو کہ اس کے پرانے ماڈلز سے 20 فیصد زیادہ تیز ہے۔

امریکی کمپنی ایپ نے دعوی کیا ہے کہ آئی پیڈ کا یہ نیا ماڈل کروم بک سے تین گنا جبکہ اینڈرائیڈ سے چھ گنا زیادہ تیز ہے۔

 آئی پیڈ میں زوم کی طرح بہتر ویڈیو کالز کے لیے 12 میگا پکسل کا فرنٹ فیسنگ کیمرہ شامل ہے جو 122 ڈگری فیلڈ آف ویو اور سینٹر اسٹیج ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔

 یہ ٹیکنالوجی آئی پیڈ پرو میں بھی دی گئی تھی جو خودکار طور پر لوگوں کو شناخت کرکے حرکت کرتے ہوئے لوگوں کو فریم میں ایڈجسٹ کرتی ہے۔

10.2 انچ کے ریٹینا ڈسپلے کے ساتھ ایپل اسمارٹ کی بورڈ اور ایپل پینسل سپورٹ بھی دی گئی ہے۔

آئی پیڈ او ایس 15 میں ٹرانسلیٹ ایپ، لائیو ٹیکسٹ اور فوکس جیسے فیچرز بھی موجود ہیں۔

ایپل کے نئے آئی پیڈ کی قیمت 329 ڈالرز یعنی 55 ہزار پاکستانی روپے زائد سے شروع ہوگی جو 64 جی بی اسٹوریج والا ماڈل ہے۔

آئی پیڈ منی

ایپل نے آئی پیڈ منی کا نیا ماڈل بھی متعارف کروایا ہے جس میں سی ٹائپ یو ایس بی پورٹ فراہم کی گئی ہے۔

اپ ڈیٹ ورژن میں اے 13 بائیونک پراسیسر موجود ہے جو سابقہ آئی پیڈ منی کے مقابلے میں ڈیوائس کی کارکردگی 80 فیصد زیادہ بہتر کرتا ہے۔

اس ٹیبلیٹ میں 8.3 انچ کا آل اسکرین ڈسپلے دیا گیا ہے اور بیزل کو کم کیا گیا ہے جبکہ فزیکل ہوم بٹن موجود نہیں، ٹچ آئی ڈی سنسر کو پاور بٹن کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔

 ایپل نے لائٹننگ پورٹ کی جگہ یو ایس بی سی پورٹ کو آئی پیڈ منی کا حصہ بنایا ہے۔ جبکہ فرنٹ اور بیک پر 12، 12 میگا پکسل کے کیمرے موجود ہیں۔

لیکن اس سال کی لائن اپ میں مزید خوبصورت رنگ جیسے جامنی ، گلابی ، سٹار لائٹ اور اسپیس گرے بھی شامل ہیں۔

آئی پیڈ منی کی قیمت 499 ڈالرز رکھی گئی ہے۔ یہ دونوں آئی پیڈ 24 ستمبر سے دنیا بھر کے صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

Facebook Comments