جمعہ 13 دسمبر 2024

گوگل نے غلطی سے سام سنگ گلیکسی ایس 21 ایف ای کی تفصیلات لیک کردیں

پہلے خیال کیا جارہا تھا کہ اگست میں سام سنگ کے ایونٹ میں گلیکسی ایس 21 ایف ای (فین ایڈیشن) متعارف کرایا جاسکتا ہے، مگر ایسا نہیں ہوا۔

جنوبی کورین کمپنی نے ابھی تک نہیں بتایا کہ گلیکسی ایس 21 سیریز کا یہ کم قیمت فلیگ شپ فون کم تک متعارف کرایا جائے گا۔

مگر گوگل نے غلطی سے اس فون کے بارے میں تفصیلات اپنی اے آر کور سپورٹ ویب سائٹ پر جاری کردیں جس کے مطابق یہ ڈیوائس سپورٹ ڈیپتھ اے پی آئی سے لیس ہوگی۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ سام سنگ کی جانب سے گلیکسی ایس 21 فین ایڈیشن متعارف ہونے کے لیے تیار ہے۔

فیس ایڈیشن میں وہی فللیگ شپ فیچرز موجود ہوں گے جو گلیکسی ایس 21 میں ہیں مگر قیمت نمایاں حد تک کم ہوگی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ حال ہی میں گوگل نے یہ تصدیق بھی کی تھی کہ ایس 21 ایف ای 2 ورژنز یا یوں کہہ لیں 2 مختلف پراسیسر ایکسینوس اور اسنیپ ڈراگون کے ساتھ دستیاب ہوگا۔

ایک ورژن میں سام سنگ کا اپنا تیار کردہ ایکسینوس 2100 جبکہ دوسرے میں اسنیپ ڈراگون 888 پراسیسر ہوسکتا ہے۔

ایس 21 ایف ای کو گزشتہ ماہ گوگل پلے کنسول میں بھی لسٹ کیا گیا تھا۔

اس فون میں الٹرا سونک فنگرپرنٹ سنسر اسکرین کے اندر نصب ہوگا، واٹر اور ڈسٹ ریزیزٹنس، ہائی ریفریش ریٹ اسکرین، وائرلیس چارجنگ، سام سنگ پے، وائرلیس ڈیکس اور ڈولبی ایٹموس جیسے بھی فیچرز بھی اس کا حصہ ہوں گے۔

سام سنگ کی جانب سے اسے متعارف کرانے کی تاریخ تو سامنے نہیں آئی مگر خیال کیا جارہا ہے کہ یہ اکتوبر میں پیش کیا جاسکتا ہے۔

6 سے 8 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن ہوں گے۔

اسٹوریج میں اضافے کے لیے مائیکرو ایس ڈی کارڈ سپورٹ بھی دی جائے گی۔

4500 ایم اے ایچ بیٹری 25 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی جائے گی مگر فون کے ساتھ چارجر نہیں ہوگا جبکہ ہیڈفون جیک بھی نہیں دیا جائے گا۔

فون کے بیک پر 3 جبکہ فرنٹ پر ایک کیمرا ہوگا۔

خیال رہے کہ سام سنگ نے 2020 میں پہلی بار ایس سیریز کا کم قیمت ورژن ایس 20 ایف ای کی شکل میں متعارف کرایا تھا جو بہترین فیچرز اور مناسب قیمت کے باعث بہت مقبول بھی ہوا۔

گزشتہ سال کے ماڈل کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے ہی سام سنگ نے اس سال بھی ایس 21 کا ای ای ماڈل پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔

Facebook Comments