ہواوے کے پرانے فونز کو سافٹ ویئر اپ ڈیٹس کی فراہمی جاری رکھنے کا اعلان
گزشتہ ہفتے یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ ہواوے کے لیے امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے عارضی لائسنس کی مدت ختم ہوگئی ہے، جس کے بعد مئی 2019 سے پہلے کے فونز کے لیے گوگل ایپس اپ ڈیٹس رکنے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ مئی 2019 کو امریکا نے ہواوے اور اس کی ذیلی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے مقامی اداروں کو ٹیکنالوجی فراہم کرنے سے روک دیا تھا۔
تاہم مئی 2019 سے ہواوے اور اس کے امریکی شراکت داروں کے لیے عارضی لائسنس جاری کیے جارہے تھے تاکہ وہ اپنے کام کو جاری رکھ سکیں۔
ان عارضی لائسنس کی مدت میں متعدد بار اضافہ کیا گیا مگر 13 اگست سے لائسنس کی مدت ختم ہوچکی ہے اور اس میں مزید اضافہ نہیں کیا گیا۔
16 مئی 2019 سے قبل تیار ہونے والے ہواوے اسمارٹ فونز کو گوگل کی جانب سے سیکیورٹی اپ ڈیٹس اور گوگل ایپس کی عام اپ ڈیٹس کی فراہمی میں عارضی لائسنس سے مدد لی جارہی تھی۔
اب پرانے ہواوے فونز کے لیے سیکیورٹی اور گوگل ایپس کی اپ ڈیٹس رکنے کی اطلاعات پر کمپنی نے بیان جاری کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گوگل کے نئے پکسل 5 اسمارٹ فون کی اولین جھلک
ہواوے نے تصدیق کی ہے کہ اس ماہ گوگل لائسنس کی مدت ختم ہونے کے باوجود مئی 2019 سے پہلے کے فونز کو سیکیورٹی اور سافٹ ویئر اپ ڈیٹس کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ٹوئٹر پر ایک صارف کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر کمپنی نے بتایا ‘ہم سیکیورٹی اور سافٹ ویئر اپ ڈیٹس فونز کے لیے ہمیشہ کی طرح فراہم کرتے رہیں گے’۔
Facebook Comments