جمعہ 26 اپریل 2024

کیا آپ کا ہمسفر آپ کے فون کے ذریعے آپ کی جاسوسی کررہا ہے؟ کمپیوٹر کے ماہر نے معلوم کرنے کا طریقہ بتادیا

کیا آپ کا ہمسفر آپ کے فون کے ذریعے آپ کی جاسوسی کررہا ہے؟ کمپیوٹر کے ماہر نے معلوم کرنے کا طریقہ بتادیا
فوٹو : رائٹرز

لندن(دھرتی نیوز ڈیسک) آج موبائل فونز انسان کی ضرورت بن چکے ہیں مگر یہی موبائل فونز ایسے کاموں میں بھی استعمال ہو رہے ہیں کہ ان کے استعمال سے آدمی خائف ہو جائے، ان میں سے ایک صارف کی جاسوسی بھی ہے۔

بالخصوص شادی شدہ جوڑوں میں ایک فریق کی موبائل فون کے ذریعے دوسرے کی جاسوسی کرنے کے واقعات گاہے سامنے آتے رہتے ہیں۔ اگر آپ کو شبہ ہے کہ آپ کا شریک حیات آپ کے موبائل فون کے ذریعے آپ کی جاسوسی کر رہا ہے تو آپ کیسے معلوم کر سکتے ہیں؟ کمپیوٹر کے ایک ماہر نے بالآخر اس سوال کا جواب دے دیا ہے۔

میل آن لائن کے مطابق پاﺅل ولیسڈیس نامی اس ماہر نے بتایا ہے کہ اگر آپ کو اپنا فون آف کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے اور کال کرتے ہوئے گاہے اس میں کچھ عجیب و غریب آوازیں سنائی دے رہی ہیں تو آپ کو سمجھ جانا چاہیے کہ آپ کے فون میں کوئی ایسا خفیہ سافٹ ویئر انسٹال کیا جا چکا ہے جس کے ذریعے آپ کی جاسوسی ہو رہی ہے۔

 رپورٹ کے مطابق پاﺅل نے مزید بتایا کہ اگر آپ کے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس پر آپ کو غیرمتوقع اشتہارات نظر آنے شروع ہو جائیں تو یہ بھی ایک علامت ہے کہ آپ کے شریک حیات نے اپنا کا سوشل میڈیا اکاﺅنٹ آپ کے فون کے ذریعے کسی دوسری ڈیوائس میں ’سائن اِن‘ کر رکھا ہے۔

ایسی صورت میں آپ کو اپنے اکاﺅنٹ کی سیٹنگز میں جا کر فوری چیک کرنا چاہیے کہ آپ کا اکاﺅنٹ کتنی ڈیوائسز پر سائن ان ہے۔

پاﺅل نے لوگوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ”لوگوں کو اپنے فون کی ’لوکیشن‘ آف رکھنی چاہیے۔ یہ بھی ایک چیز ہے جس کے ذریعے آپ کے شریک حیات آپ کی نقل و حرکت کی نگرانی کر سکتے ہیں۔

اگر آپ کا فون اکثر آپ کے شریک حیات کے پاس رہتا ہے تو آپ کو ہر دو چار دن بعد لوکیشن چیک کر لینی چاہیے کہ وہ آف ہے یا آن کی جا چکی ہے۔

اپنے فون پر استعمال ہونے والے ڈیٹا کی مقدار پر نظر رکھیں۔ اگر اچانک ڈیٹا کے استعمال میں اضافہ ہو جائے تو آپ کو چوکنا ہونے کی ضرورت ہو گی۔

اس کے علاوہ بیٹری لائف کا اچانک کم ہو جانا بھی خطرے کی علامت ہے، ان دونوں صورتوں میں غالب امکان ہے کہ آپ کے فون میں کوئی جاسوس سافٹ ویئر ڈال دیا گیا ہے۔ 

Facebook Comments