اتوار 05 مئی 2024

سائیکل ،سائیکل ہے

سائیکل ،سائیکل ہے
محمد حسنات حمید

سائیکل آج کل کے منہگے دور کی سستی سواری ہے ۔کم فاصلے پر سائیکل کی سواری باکفایت ہے اور لطف بھی دیتی ہے ۔ہم روزانہ اپنے اردگرد بہت سے لوگوں کو سائیکل پر سوار دیکھتے ہیں ۔کوئی ڈاک تقسیم کررہا ہوتا ہے تو کوئی غبارے بیچ کر اپنے بچوں کی روزی کمارہاہوتا ہے تو کہیں گوالا سائیکل پر دودھ لے جاتا نظر آتا ہے ،کہیں کوئی طالب علم اسکول یا کالج جاتا دکھائی دیتا ہے ۔
سائیکل کی ایجاد کے بارے میں کہاجاتا ہے کہ 1818ء میں پیرس میں رہنے والے ”بارڈن کا رل “نامی جرمنی کے ایک باشندے نے لکڑی کے ٹائر اور فریم جوڑ کر سائیکل تیار کی ۔پہلے ٹائر کے اوپر ہیندل تو تھا ،مگر سائیکل میں چین ،گراری اور بریک نہیں تھی ۔
پھر لکڑی کولوہے اور اسٹیل میں تبدیل کردیا گیا ۔
یورپی ممالک میں 1890ء سائیکل کے لیے سنہری دور تھا ۔دنیا کے بہت سے ممالک میں سائیکل وہاں کی مقبول ترین سواری ہے ۔جاپان ،کینیڈا ،چین ،ہالینڈ ،بھارت ،برطانیہ میں سائیکل کو بہت اہمیت حاصل ہے ۔
مقامی لوگ روزانہ سائیکل پر گھومتے نظر آتے ہیں ۔
ہالینڈ کے سب سے بڑے شہرایمسٹر ڈیم کو سائیکلوں کا گڑھ کہاجاتا ہے ۔یہ شہر سائیکل اور پیدل چلنے والوں کے لیے تو بہت بڑا ہے ،مگر کار میں بیٹھ کر شہر کو نا پاجائے تو بہت چھوٹا لگتا ہے ۔
اس شہر میں سائیکل کرائے پر بھی دستیاب ہے ،مگر شرط یہ ہے کہ آپ کو صرف اس شہر میں استعمال کے لیے ہی سائیکل ملے گی ۔ایمسٹر ڈیم میں کوئی جگہ ایسی نہیں ،جہاں سائیکل نہ جا سکتی ہو۔
ایمسٹر ڈیم میں لوگ پیدل جا رہے ہوں یا سائیکل پر سوار ہوں ،سڑک کی ایک طرف سفر کریں گے ۔
کوئی بھی شخص آپ کو سڑک کے درمیان میں نظر نہیں آئے گا۔سائیکل چلانے والوں کو قانون پر سختی سے عمل کرنے کا حکم ہے ،مگر ایک حیران کن بات یہ ہے کہ اگر آپ نے سائیکل کو تالا نہیں لگایا تو ایک لمحے میں سائیکل چوری ہو سکتی ہے ۔
پاکستان کے چاروں صوبوں کے دیہی علاقوں میں سائیکل کی سواری کو پسند کیا جاتا ہے ،مگر شہروں میں اس کا رواج کم ہے ۔
نہروں پر کام کرنے والے ملازمین میں سے 80فی صد لوگ سائیکل پر سفر کرتے ہیں ۔شہر سے باہر دیہاتوں میں سائیکل کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ نظر آتا ہے ۔
آج کل سائیکل ریس مقبول ہوتی جارہی ہے ۔اس ریس کے لیے چین اور جاپان نے جدید سائیکلیں متعار ف کرائی ہیں ۔
آج کل بچوں کے لیے مختلف طرز کی خوب صورت سائیکلیں عام دستیاب ہیں ،جنھیں بچے بہت پسند کرتے ہیں ۔ہر بڑے شہر میں سائیکل مارکیٹ موجود ہے ،جہاں پر بچوں کی سائیکل ،دیسی سائیکل ،چین اور جاپان کی سائیکلیں دستیاب ہیں ۔

Facebook Comments

پیاری بیوی
2021-10-11