ھفتہ 18 مئی 2024

شریف فیملی کو اہم ترین پیغام پہنچا دیا گیا

شریف فیملی کو اہم ترین پیغام پہنچا دیا گیا

آج کل مسلم لیگ ن کے ایک رہنما کی کچھ با اثر افراد بشمول ایک ریٹائرڈ بوڑھے شخص کے ساتھ گاڑھی چھن رہی ہے ان کے رابطوں کے متعلق پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو بھی علم ہے لیکن انہیں بھی اس پر کوئی اعتراض نہیں۔ اس رہنما نے دونوں فریقین کے درمیان رابطے کا کام کیا ہے۔ توسیع کے معاملے پر ان کی بات کو اہمیت دی گئی تھی لیکن کئی لوگوں بشمول ان کی اپنی ہی پارٹی کے لوگوں کو ان پر شک تھا کہ وہ ضرورت سے کچھ زیادہ ہی کر رہے ہیں۔

چند ہفتے قبل انہوں نے اپنی پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو لندن میں ایک اہم پیغام دیا تھا جس میں مسلم لیگ ن کے لئے اقتدار میں شراکت کی بات شامل تھی۔ پارٹی کے با اثر حلقوں کے ساتھ رابطوں کی بات نئی نہیں۔ نواز شریف جب اڈیالہ جیل میں تھے تو اس وقت انہوں نے ایک انتہائی با اثر شخص کا استقبال کیا تھا۔ چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کی گرفتاری کے وقت اسی شخصیت نے ایک مرتبہ اُن سے ملاقات کی تھی اور ساتھ ہی ٹیلیفون پر بھی گفتگو کی تھی تاہم، ان رابطوں کے باوجود شریف فیملی کے فائدے کے لئے کچھ نہیں ہوا۔

لیکن اب حالات تبدیل ہو رہے ہیں کیونکہ شریف فیملی کی سوچ بھی بدل چکی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ شریف خاندان کی اولین ترجیح اس وقت یہ ہے کہ اصل قوتوں کے ساتھ خراب تعلقات کو درست کیا جائے۔ ن لیگ کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ شریف فیملی اس وقت اقتدار میں شراکت کے آپشن کو وزن نہیں دے رہی لیکن موجودہ صورتحال سے نکلنے کے لئے نئے الیکشن کے امکانات کو دیکھ رہی ہے۔ عمومی طور پر ن لیگ اور خصوصاً اس کے اعلیٰ قائدین نواز شریف اور مریم نواز پر پارٹی کے اندر اور باہر سے شدید تنقید ہو رہی ہے کیونکہ انہوں نے عوام کی بالادستی کے اپنے گزشتہ چند برسوں کے مؤقف سے مکمل یو ٹرن لے لیا ہے۔

نواز شریف اور مریم نواز دونوں میڈیا کی رسائی میں نہیں ہیں لیکن ن لیگ کے دیگر رہنما کھل کر یا نجی محفلوں میں جو کچھ کہہ رہے ہیں وہ ایسا ہے جس پر کوئی قائل نہیں ہو سکتا۔ کچھ رہنما نجی طور پر اس صورتحال کی پوری ذمہ داری اسی رابطہ کرانے والے شخص پر ڈال رہے ہیں، لیکن کچھ ایسے بھی ہیں جو یہ ماننے کے لئے تیار نہیں کہ جو ن لیگ نے حالیہ دنوں میں جو کچھ بھی کیا ہے وہ نواز شریف کی مرضی کے بغیر ہوا ہے۔

Facebook Comments