ھفتہ 18 مئی 2024

’اب کیا کردیا میں نے؟‘ علی ظفر اپنا نام ٹوئٹر پر ٹرینڈ ہونے پر پریشان

لاہور (دھرتی نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کا ترانہ جاری ہونے پر مداحوں کو ایک بار پھر گلوکار علی ظفر کی یاد ستانے لگی ہے۔

پی ایس ایل 6 کا ترانہ ’گروو میرا‘ نصیبو لال، آئمہ بیگ اور ینگ سٹنرز نے گایا ہے۔ یوٹیوب پر ریلیز ہونے کے دو گھنٹے بعد اس گانے کو یوٹیوب پر چار لاکھ سے زیادہ لوگ سن چکے ہیں، جن میں سے 41 ہزار نے اسے پسند اور 3300 سے زائد نے ناپسند کیا ہے۔

 

پی ایس ایل کا یہ گانا ریلیز ہونے کے بعد علی ظفر کے مداحوں نے انہیں یاد کرنا اور ان سے پرائیویٹ طور پر ایونٹ کا ترانہ جاری کرنے کا مطالبہ کرنا شروع کردیا ہے۔ مداحوں کی جانب سے اس شدت کے ساتھ یہ مطالبہ کیا گیا کہ ’علی ظفر‘ کا نام ٹوئٹر کے ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہوگیا۔

اپنا نام ٹوئٹر پر ٹرینڈ ہوتا دیکھ کر علی ظفر نے ایک ٹویٹ کرکے سوال پوچھا کہ ’اب کیا کردیا میں نے؟‘

خیال رہے کہ گزشتہ برس بھی جب پی ایس ایل کا ترانہ ’تیار ہو‘ ریلیز ہوا تھا تو علی ظفر کا نام اسی طرح ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگا تھا جس پر انہوں نے پریشان ہو کر پوچھا تھا ’ اب کیا ہوگیا، ایسا کیا ہوا کہ میں ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہا ہوں؟‘

گزشتہ برس مداحوں کو پی ایس ایل کا ترانہ کچھ خاص پسند نہیں آیا تھا جس کے باعث انہوں نے علی ظفر سے درخواست کی تھی کہ وہ اینتھم تیار کریں۔ علی ظفر نے مداحوں کے پرزور اسرار پر گزشتہ برس ’میلہ لوٹ لیا‘ کے نام سے گانا جاری کیا تھا جس کو بہت پسند کیا گیا تھا۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ گزشتہ برس پی ایس ایل کے آفیشل اینتھم’تیار ہیں‘ کو اب تک ساڑھے چھ ملین افراد نے یوٹیوب پر دیکھا ہے جبکہ علی ظفر کے ترانے ’میلہ لوٹ لیا‘ کو اب تک 10 ملین سے زیادہ لوگ دیکھ چکے ہیں۔

Facebook Comments