جمعہ 17 مئی 2024

مسئلہ کشمیر کا حل اسلامی دنیا کے عزم سے ہاتھ بھر دوری پر ہے: بلاول بھٹو

مسئلہ کشمیر کا حل اسلامی دنیا کے عزم سے ہاتھ بھر دوری پر ہے: بلاول بھٹو

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم یک جہتئ کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اسلامی دنیا کے سیاسی عزم اور عالمی ضمیر کے جاگنے سے ہاتھ بھر کی دوری پر ہے۔

  پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں حق خود ارادیت کے لیے بدترین جبر کا سامنا کرنے والی کشمیری عوام کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا میں کشمیر کے ہزاروں شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، مسئلہ کشمیر کا واحد حل یو این قراردادوں کی روشنی میں ہے، دنیا مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ذمہ داری سے مزید پیچھے نہیں ہٹ سکتی۔

انھوں نے کہا کہ پی پی کشمیر کی آزادی تک بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھاتی رہے گی اور دنیا کا ضمیر جھنجھوڑتی رہے گی۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج کے دن پاکستان کا ہر شہر، گلی، گاوَں ایک آواز ہو چکے ہیں، ہم سب اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں، پاکستانی قوم کا دو ٹوک مؤقف ہے کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے، شہید بھٹو نے ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑا، یوم یک جہتی کشمیر کا فیصلہ بھی شہید بے نظیر بھٹو کی حکومت نے کیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ جنت نظیر وادی میں 185 دنوں سے لاک ڈاؤن جاری ہے، نہتے کشمیریوں پر مودی کے مظالم عالمی ضمیر پر بوجھ ہیں، کشمیریوں کی سات دہائیوں سے جاری جدوجہد کو بھارت دبانے میں ہمیشہ ناکام ہوا۔

Facebook Comments