جمعہ 03 مئی 2024

کراچی: نماز جمعہ کے اجتماع سے روکنے پر ‘شہریوں کا پولیس پر حملہ’

کراچی: نماز جمعہ کے اجتماع سے روکنے پر ‘شہریوں کا پولیس پر حملہ’

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے پر شہریوں نے مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں پر حملہ کردیا۔

سندھ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث نمازوں کے اجتماعات پر پابندی کے باوجود لیاقت آباد کی غوثیہ مسجد میں نماز جمعہ کا اجتماع منعقد کرنے پر پولیس کارروائی کے لیے پہنچی۔

اس موقع پر وہاں موجود شہریوں نے مبینہ طور پر مشتعل ہوکر پولیس اہلکاروں پر ہی حملہ کردیا۔

پولیس کی جانب سے شہریوں کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔

عوام کے چنگل میں پھنسنے والے اہلکاروں کو ایک شہری نے اپنے گھر میں پناہ دی 

شہریوں کے پولیس اہلکاروں پر تشدد کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائر ہو رہی ہیں۔

یاد رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے جمعہ کو دوپہر 12 سے ساڑھے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ جمعہ کو دوپہر 12 سے سہ پہر 3 بجے تک کوئی دکان کھلی گی نہ ٹرانسپورٹ چلے گی، جبکہ شہریوں کو نقل و حرکت کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

نوٹی فکیشن میں لاک ڈاؤن کے عرصے کے لیے عائد کی گئی دیگر پابندیوں کو دہراتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مساجد میں پیش امام، موذن اور عملے کے 3 سے 5 افراد کو باجماعت اجازت ہوگی، جبکہ تمام مذہبی اجتماعات پر پابندی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں بھی 14 اپریل تک لاک ڈاؤن ہوگا، مراد علی شاہ

واضح رہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر سندھ حکومت نے 23 مارچ کی رات 12 بجے سے 15 روز کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔

مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران کسی کو غیر ضروری گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

صوبے میں لاک ڈاؤن کے باوجود اشیائے خور و نوش کی دکانیں صبح 8 سے رات 8 بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت دی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: سندھ: لاک ڈاؤن کے خلاف صوبائی حکومت پر دباؤ بڑھنے لگا

تاہم 27 مارچ کو وزیر اعلیٰ سندھ نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس کو صوبے میں لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا کہتے ہوئے شام 5 بجے دکانیں بند کرنے کی ہدایت کردی تھی۔

صوبائی حکومت نے مساجد میں نمازوں کے اجتماعات پر بھی پابندی کا اعلان کیا تھا۔

دو روز قبل وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی صوبے میں لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کرتے ہوئے اسے 14 اپریل تک کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

مراد علی شاہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صوبے میں لاک ڈاؤن کی میعاد میں 14 اپریل تک توسیع کی تجویز دی گئی جس کی انہوں نے حمایت کی۔

Facebook Comments