جمعہ 26 اپریل 2024

اعظم خان ویسٹ انڈیز کیخلاف چوتھے ٹی ٹونٹی کیلئے فٹ قرار

گیانا (دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) قومی ٹیم کے نوجوان جارح مزاج بیٹسمین اعظم خان نے انجری سے نجات حاصل کرلی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے میڈیکل پینل نے اعظم خان کو فٹ قرار دے دیا جس کے بعد وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف چوتھے ٹی 20 کے لیے قومی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔ واضح رہے کہ دوسرے ٹی 20 سے قبل پریکٹس سیشن کے دوران اعظم خان سر پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں سی ٹی سکین کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ڈاکٹرز نے اعظم خان کو ہسپتال میں رکھنے کا فیصلہ کیا تھا اور انہیں 24 گھنٹے آرام کا مشورہ دیا جس کے بعد وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹی 20 سے باہر ہوگئے تھے۔ واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز اور پاکستان کا پہلا ٹی 20 میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جب کہ دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 7 رنز سے شکست دی تھی۔ گزشتہ روز چار میچز کی سیریز کا تیسرا ٹی 20 میچ میں بارش کے باعث بے نتیجہ رہا تھا، ویسٹ انڈیز نے دوسرے اوور میں 15 رنز ہی بنائے تھے کہ بارش شروع ہوگئی تھی جس کے سبب میچ ممکن نہ ہوسکا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری ٹی 20 میچ آج کھیلا جائے گا، گرین شرٹس کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔

Facebook Comments