اتوار 19 مئی 2024

بچپن میں ٹی بی کی ویکسین لگوانے والوں میں کورونا کا خطرہ کم ہے، امریکی ماہرین

بچپن میں ٹی بی کی ویکسین لگوانے والوں میں کورونا کا خطرہ کم ہے، امریکی ماہرین

امریکا میں کی گئی نئی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جن ملکوں میں بچپن سے ٹیوبر کلوسس (ٹی بی) یا تپ دق سے بچاؤ کی ویکسین دی جاتی ہے ان ملکوں میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی شرح کم ہے۔

امریکی ماہرین کی تحقیق کے مطابق بچپن میں دی گئی ٹی بی ویکسین بَسیلس کالمیٹ گیورین (بی سی جی) کورونا وائرس (کووِڈ 19) سے تحفظ فراہم کررہی ہے۔

نیو یارک انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں بائیومیڈیکل سائنس کے اسسٹنٹ پروفیسر گونزالو اوٹازوکاکہنا ہے کہ کورونا وائرس کےکیسز اور اموات کی شرح  ان ممالک میں زیادہ ہے جہاں یہ ویکسین اب استعمال نہیں ہوتی، ان ممالک میں امریکا، اٹلی،  اور نیدرلینڈز جیسے ممالک شامل ہیں۔

اس کے مقابلے میں وہ ممالک جہاں اب بھی اس ویکسین کا استعمال ہورہا ہے وہاں کورونا سے اموات کی شرح نمایاں حد تک کم ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ  ایسے ممالک جہاں اس ویکسین کا استعمال تاخیر سے ہوا وہاں بھی اموات کی شرح زیادہ ہے اور  بی سی جی ایسے بزرگ افراد کو تحفظ فراہم کررہی ہے جن کو بچپن میں یہ ویکسین استعمال کرائی گئی تھی۔

خیال رہے کہ بَسیلس کالمیٹ گیورین نامی ویکسین  نومولود اور کم عمر بچوں کو ٹی بی سے بچاؤ کے لیے دی جاتی ہے۔

ماہرین کا خیال ہے ٹی بی کی ویکسین کورونا کے علاج کے لیے گیم چینجر ثابت ہوسکتی ہے اور  بعض ممالک میں  بی سی جی ویکسین کے کلینکل ٹرائلز شروع کرنے کا اعلان بھی ہوچکا ہے۔

دنیا بھر میں کورونا سے 12 لاکھ سے زائد افراد متاثر

 خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ 88 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے 70 ہزار 500 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

امریکا میں سب سے زیادہ 3 لاکھ 36 ہزار سے زائد کیسز درج ہوچکے ہیں جن میں سے ساڑھے 9 ہزار سے زائد افراد کی موت بھی ہوچکی ہے۔

اسپین میں کل کیسز کی تعداد ایک لاکھ 35 ہزار جب کہ اٹلی میں ایک لاکھ 28 ہزار ہوچکی ہے جب کہ یہاں ہلاکتوں کی تعداد بالترتیب 13 ہزار اور ساڑھے 15 ہزار ہوچکی ہے۔

ان ممالک کے علاوہ برطانیہ،فرانس، چین، جرمنی، ایران اور نیدرلینڈز میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 3520 ہوگئی

پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 ہزار 520 ہوچکی ہے جن میں سے 52 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

 خیال رہے کہ پاکستان کا شمار ٹی بی سے متاثر ہونے والے بڑے ممالک میں ہوتا ہے اور ایک رپورٹ کے مطابق ہر سال 5 لاکھ کے قریب نئے افراد ٹی بی سے متاثر ہوتے ہیں۔

پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے 1978سے نومولود بچوں کو سرکاری سطح پر ٹی بی کی ویکسین دی جارہی ہے۔

Facebook Comments