جمعہ 26 اپریل 2024

طالبان نے قیدیوں کے تبادلے پر افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات ختم کردیے

طالبان نے قیدیوں کے تبادلے پر افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات ختم کردیے

طالبان نے امریکا سے ہونے والے امن مذاکرات میں طے کیے گئے قیدیوں کے تبادلے پر افغان حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات ختم کردیے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق قطر میں طالبان کے دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’بے معنی ملاقات میں تکنیکی ٹیم شرکت نہیں کرے گی اور قیدیوں کی رہائی کبھی کسی وجہ سے روکی جاتی ہے کبھی کسی وجہ سے‘۔

فروری کے آخر میں طالبان اور امریکا کے درمیان ہونے والے معاہدے میں طے پایا تھا کہ امریکا کی قیادت میں بین الاقوامی فورسز طالبان کی جانب سے سیکیورٹی ضمانتوں کے بعد افغانستان سے چلی جائییں گی۔

مزید پڑھیں: جوسمجھتےہیں کوروناسےمحفوظ ہیں انہیں بورس جانسن سے سیکھنا چاہیے، اسد عمر

یہ معاہدہ 19 سال سے جاری جنگ کے خاتمے کا حصہ تھا۔

تاہم امریکا کی حمایت یافتہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات امن میں رکاوٹ بن گئے ہیں۔

قیدیوں کا تبادلہ دونوں جانب سے مذاکرات کے لیے اعتماد پیدا کرنے کے لیے تھا۔

حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ قیدیوں کی رہائی کے مںصوبے پر اپنا کام جاری رکھیں گے۔

کابل میں نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ترجمان جاوید فیصل کا کہنا تھا کہ ’ہم طالبان سے درخواست کرتے ہیں کہ بہانے بنا کر اس عمل کو سبوتاج نہ کریں‘۔

طالبان کی جانب سے مذاکرات معطل کرنے سے تشدد میں اضافہ ہوسکتا ہے جو بدلے میں امریکا کے فوجی انخلا کے مںصوبے پر اثرات ڈال سکتا ہے جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اہم ہدف ہے۔

گزشتہ ماہ طالبان کی 3 رکنی ٹیم قطر سے کابل پہنچی تھی تاکہ قیدیوں کے تبادلے پر مذاکرات کرسکیں۔

گزشتہ ہفتے افغان حکام کا کہنا تھا کہ وہ بیمار اور 50 سال سے زائد عمر کے100 قیدیوں کو رہا کرے گی۔

بدلے میں انہیں امید تھی کہ طالبان افغان سیکیورٹی فورسز کے 20 اہلکاروں کو رہا کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی منڈی : خام تیل کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ

واضح رہے کہ امریکا کے ساتھ ہونے والے طالبان کے معاہدے میں طے کیا گیا تھا کہ افغان حکومت سے طالبان کے مذاکرات سے قبل افغان حکومت طالبان کے 5 ہزار قیدیوں اور طالبان افغان حکومت کے ایک ہزار قیدیوں کو رہا کرے گے۔

بعد ازاں قیدیوں کی رہائی کے معاملے کو افغان حکومت نے مسترد کردیا تھا تاہم طالبان کا وفد 19 سال میں پہلی مرتبہ کابل پہنچ کر افغان حکومت سے قیدیوں کے تبادلے پر مذاکرات کیے تھے۔

امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے طالبان کی ٹیم کی کابل آمد کو اچھی خبر قرار دیا تھا۔

کورونا وائرس کی وبا کے باوجود گزشتہ ماہ مائیک پومپیو نے کابل اور قطری دارالحکومت دوحہ کا سفر کیا تھا تاکہ قیدیوں کے تبادلے کے مرحلے کو آگے بڑھایا جاسکے۔

افغان حکومت کے عہدیداروں نے کہا تھا کہ طالبان حالیہ سالوں میں پرتشدد واقعات میں ملوث سینیئر کمانڈروں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

Facebook Comments