منگل 30 اپریل 2024

پی آئی اے نے پائلٹس کے لیے چین سے حفاظتی کٹس منگوا لیں

پی آئی اے نے پائلٹس کے لیے چین سے حفاظتی کٹس منگوا لیں

اسلام آباد: قومی ایئر لائن نے پائلٹس اور کیبن کریو کے لیے چین سے حفاظتی کٹس درآمد کر لیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پائلٹس تنظیم پالپا کے مطالبے کے بعد پی آئی اے نے فضائی عملے کے لیے حفاظتی کٹس درآمد کر لی ہیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ ایک طیارے کے ذریعے یہ سامان کراچی سے اسلام آباد پہنچا دیا گیا ہے۔

ذرایع ایئر لائن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے شمالی علاقوں کی پروازوں میں یہ حفاظتی کٹس استعمال کی جائیں گی۔

دوسری طرف پالپا کی جانب سے پی آئی اے کی پروازوں کو آپریٹ کرنے سے انکار کے بعد قومی فضائی ادارے کی انتظامیہ نے کنٹریکٹ پائلٹس کی فوری بھرتیوں پر غور شروع کر دیا ہے، ذرایع پی آئی اے کا کہنا ہے کہ قومی مفاد کے منافی بلیک میلنگ کا تدارک کیا جائے گا۔

پالپا کا پروازیں آپریٹ کرنے سے انکار، اصل وجہ سامنے آ گئی

پی آئی اے انتظامیہ نے کپتانوں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے حکمت عملی مرتب کرلی ہے، انتظامیہ کی جانب سے قومی مفاد میں اور بیرون ملک محصور پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، پالپا کی ہٹ دھرمی کو مد نظر رکھتے ہوئے شاہین ایئر لائن سمیت دیگر ذرایع سے کنٹریکٹ پائلٹس کی فوری بھرتی کرنے پر غور کیا گیا ہے۔

ادھر وزیر ہوا بازی کی دعوت پر پالپا کے وفد نے ہوابازی ڈویژن میں اہم میٹنگ میں شرکت کی ہے، جنرل سیکریٹری پالپا کیپٹن ناریجو کا کہنا تھا کہ پالپا نے حفاظتی انتظامات کا مطالبہ کیا تھا، پالپا کرونا وائرس سے بچاؤ کے بین الاقوامی ضوابط کی پاس داری اور پائلٹس کی صحت کے ایجنڈے پر بات کر رہا ہے، تاہم ایئر لائن کی منیجمنٹ اپنی نااہلی چھپانے کے لیے پائلٹوں کو بد نام کرنے کی مہم چلا رہی ہے۔

انھوں نے الزام لگایا کہ ایوی ایشن اصول و ضوابط سے نابلد چند ڈیپوٹیشن افسران پی آئی اے اور قومی مفاد کے منافی کام کر رہے ہیں، پالپا نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو لانے کے لیے خدمات پیش کی ہیں، صرف حفاظتی انتظامات کا مطالبہ کیا گیا تھا، تاہم افسران مسافروں اور ایئرلائن ملازمین کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

Facebook Comments