ھفتہ 27 اپریل 2024

پنجاب: 16 سے 18 سال کے طلبہ کی ویکسی نیشن کی اجازت لینے کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے 4 بڑے شہروں میں بند مزارات ایس او پیز کے تحت کھولنے اور 16 سے 18 سال تک کی عمر کے طلبہ کو ویکسین لگانے کے لیے این سی او سی سے اجازت طلب کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ این سی او سی کی گائیڈ لائنز کے تحت لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان میں محکمہ اوقاف کے زیر انتظام 189 مزارات بند تھے۔

اجلاس میں پنجاب حکومت نے 4 بڑے شہروں میں بند مزارات کو کورونا ایس او پیز کے تحت کھولنے اور 16 سے 18 سال تک کی عمر کے طلبہ کو ویکسین لگانے کے لیے این سی او سی سے اجازت لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

 وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں داخل 88 فیصد مریض ایسے ہیں جنہوں نے ویکسین نہیں لگوا رکھی۔

یاسمین راشد نےکہا کہ اسپتالوں میں داخل 88فیصد مریض نان ویکسینیٹد ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہےکہ ویکسین کورونا کے خلاف مؤثر ہے۔

اس سے پہلےایوان وزیر اعلیٰ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ چوتھی لہر میں اکثر مریض ڈیلٹا ویرینٹ کے ہیں، صوبے کی کل آبادی کا 35 فیصد جبکہ 18 سال سے زائد عمر کا 47 فیصد ویکسین لگوا چکے ہیں۔

Facebook Comments