اتوار 28 اپریل 2024

ہوٹل کا کمرہ چھوڑنے کے بعد نوجوان کی ایسی حرکت کہ تصویر سامنے آتے ہی انٹرنیٹ صارفین حیران پریشان رہ گئے

ایڈنبرا(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) کوئی شخص کسی ہوٹل میں قیام کرتا ہے تو جاتے ہوئے اپنا سامان اٹھاتا اور کمرہ جوں کا توں چھوڑ کر چلا جاتا ہے تاہم اس سکاٹش نوجوان نے کچھ اس طریقے سے ہوٹل کا کمرہ چھوڑنے کی تصویر انٹرنیٹ پر پوسٹ کر دی کہ لوگوں کی رائے منقسم ہو گئی کہ آیا اس کا طرز عمل درست ہے یا غلط۔دی سن کے مطابق اس نوجوان کا نام ڈیرین ڈاﺅلنگ ہے جو آن لائن ڈیزا کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس نے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پر ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں اس نے ہوٹل کے بیڈ کی چادر، تکیوں اور رضائی کے غلاف اتار کرتہہ کرکے رکھے ہوتے ہیں۔

 اس تصویر کے ساتھ ڈیزا لکھتا ہے کہ ”میں ہمیشہ ہوٹل سے جاتے ہوئے ایسا کرتا ہوں، تاکہ ہوٹل کی عملے کی کچھ مدد ہو جائے۔ کیا میں درست کرتا ہوں؟“کمنٹس میں کچھ لوگ اس کے عمل کو اچھا قرار دے رہے ہیں اور اس کی تعریف کر رہے ہیں۔ ان میں سے اکثر لوگوں کا کہنا ہے کہ آئندہ وہ بھی ہوٹل کا کمرہ چھوڑتے ہوئے ایسا ہی کریں گے تاہم کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ہوٹل کا عملہ اسی کام کی تنخواہ لیتا ہے اور آپ لوگ جو پیسے ہوٹل کو ادا کرتے ہو، وہ اسی کام کے لیے ہوتے ہیں۔ایک آدمی نے کمنٹس میں لکھا کہ ”میں نے ہوٹل میں قیام کے بعد کبھی ایسا نہیں کیا اور نہ ہی کبھی کروں گا کیونکہ میں ہوٹل والوں کو پیسے ادا کرتا ہوں تو پھر ان کا کام کیوں کروں۔“ ایک اور شخص نے لکھا کہ ”ہوٹل والے اپنے عملے کو اس کام کی تنخواہ دیتے ہیں، تو پھر ہم لوگ ان کا کام کیوں کریں۔“

Facebook Comments