ھفتہ 04 مئی 2024

وہ غلطیاں جن کی وجہ سے آئی فون پھٹ سکتا ہے، کمپنی نے خبردار کردیا

نیویارک(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) آئی فون کی بیٹری ری چارج کرتے ہوئے اس کے پھٹ جانے کے واقعات بھی پیش آ چکے ہیں۔ یہ بات صرف آئی فون تک ہی محدود نہیں، اینڈرائیڈ فونز کے پھٹنے کے واقعات بھی رونما ہو چکے ہیں۔ اب ایپل کی طرف سے آئی فون کو پھٹنے سے بچانے کے لیے کچھ انتہائی مفید مشورے دے دیئے گئے ہیں۔

دی سن کے مطابق ایپل کمپنی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ آئی فون کے پھٹنے کی وجہ صارفین کی طرف سے بیٹری ری چارج کرتے ہوئے کی جانے والی کچھ غلطیاں ہیں۔اگر ان غلطیوں سے بچا جائے تو نہ صرف آئی فون کے پھٹنے کا کوئی خطرہ نہیں ہوتا بلکہ اس کی بیٹری لائف بھی بہت اچھی رہتی ہے۔

 کمپنی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ صارفین کو تھرڈ پارٹی چارجر کبھی بھی استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ یہ آئی فونز کے پھٹنے اور بیٹری کے خراب ہونے کی ایک بڑی وجہ ہے۔ اگر آپ رات کو سوتے ہوئے آئی فون کی بیٹری ری چارج کرتے ہیں تو فون کو بستر سے دور رکھیں اور یقینی بنائیں کہ یہ سوتے ہوئے اپنے کے نیچے نہ آئے اور نہ ہی اسے تکیے کے نیچے رکھیں۔ جب فون چارجنگ پر لگا ہو، اسے کسی بھی چیز کے نیچے نہیں رکھنا چاہیے ورنہ اس کے پھٹنے کا امکان بہت بڑھ جاتا ہے۔

ایپل کی طرف سے مزید غلطیاں بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ لوگ پانی اور چارجنگ کیبل کی صحت کے حوالے سے بھی لاپروائی برتتے ہیں۔ جب آپ کا فون چارجنگ پر ہو تو نہ اسے کسی نمی والی جگہ پر رکھیں اور نہ ہی ایسی جگہ پر رکھیں جہاں پانی کے چھینٹے پڑسکتے ہوں۔ اسی طرح چارجنگ کیبلز اگر کہیں سے ٹوٹ پھوٹ چکی ہے تو اسے بھی تبدیل کر لیں۔ بیٹری کی صحت کو بہتر رکھنے کے لیے ہمیشہ آپٹمائزڈ چارجنگ کو ترجیح دیں، اس طرح آپ کے آئی فون کی بیٹری لائف طویل عرصے تک بہتر رہے گی۔ اگر آپ کے آئی فون کی بیٹری ہیلتھ 80فیصد تک آ گئی ہے تو آپ کو بیٹری فوری تبدیل کر لینی چاہیے۔

Facebook Comments