پیر 07 اکتوبر 2024

الیکشن کمیشن نے وزارت آئی ٹی سے کتنی ای وی ایم مانگ لیں؟

اسلام آباد (دھرتی نیوز ) وفاقی وزیر فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کو خط لکھ ااور تین ہزار 900 ای وی ایم کی فراہمی کا کہا ہے ۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ ای وی ایم کا معاملہ سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی آصف علی زرداری نے 2012 میں اٹھایا تھا ، نواز شریف کے دور میں سال 2016 میں ووٹنگ مشینوں پر بحث بھی ہوئی ، ای وی ایم سے متعلق تمام سیاسی جماعتوں کومثبت کردار اداکرناچاہیے، عوام کوپتہ چل جائے گاکہ ای وی ایم پر الیکشن محفوظ ہیں، الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ شرائط پرمبنی ٹینڈر جار ی کردے۔

یاد رہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حکومت الیکٹرانک ووٹ مشین سے انتخابات کرانے کا بل پاس کرا چکی ہے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید بھی واضح کر چکے ہیں کہ قانون بن چکا ہے جس کے تحت آئندہ عام انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین ( ای وی ایم ) سے ہی ہوا کریں گے ، اب اپوزیشن کی مرضی ہے وہ عدالت جانا چاہتی ہے یا کہیں اور ۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ ہر الیکشن کے بعد دھاندلی کا رونا شروع ہو جاتا تھا ، اب بھی دھاندلی کا رونا ہوگا ، یہ انتخابات سے پہلے بھی ہو سکتا ہے ، عمران خان نے اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا ، میرے مطالعہ کے مطابق پنجاب کے 40 جبکہ ملک بھر کے تقریبا 80 ایسے حلقے ہیں جہاں اوور سیز پاکستانیوں کا ووٹ انتخابی نتائج بدل کر رکھ دے گا، اور جب وہ لوگ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کو ووٹ دینگے تو یہ پھر کہیں گے کہ دھاندلی ہوئی ہے ۔

دوسری جانب اپوزیشن کی جماعتیں ای وی ایم کو مسترد کر چکی ہیں جبکہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ای وی ایم کو ایو ل وشز مشین قرار دے چکے ہیں ۔

Facebook Comments