ھفتہ 20 اپریل 2024

تجاوزات میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم

وزیر اعظم عمران خان نے حکومت پنجاب کو ہدایت دی ہے کہ تجاوزات اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کی تعمیرات میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق راوی اربن ڈیولپمنٹ اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ لاہور منصوبے سے متعلق اجلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے منصوبوں کی تعمیر کے لیے اسمارٹ درخت، بلیو روڈ، اور توانائی کے لحاظ سے مؤثر ماحول دوست مواد کے استعمال پر زور دیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے دونوں منصوبوں کو لاہور اور ملک کے مستقبل کے لیے اہم قرار دیا اور آلودگی کے خاتمے کے لیے تمام شہروں میں گرین اربنائیزیشن ماڈل بنانے کا حکم دیا۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ ترقیاتی منصوبے عوام کے معاشی حالات میں بہتری کےلیے معاون ثابت ہوں گے۔

اس سلسلے میں وزیر اعظم کا کہناتھا کہ’گرین اربنائزیشن منصوبہ آلودگی کے منفی اثرات ختم کرنے میں مدد کرے گا،اس لیے اس طرح کا ماڈل تمام شہروں میں بنانے چاہیے‘۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ نئے منصوبوں میں سرسبز مقامات کی تعمیر شامل ہے اور شہری علاقوں میں اس کی موجودگی ضروری ہے تاکہ اسموگ سمیت آلودگی کے دیگر اثرات سے نمٹا جاسکے۔

انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ ریور فرنٹ اور بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے سے متعلق زمین کی منتقلی پر تیزی سے کام کریں۔

وزیر اعظم نے شہری ترقیاتی منصوبوں پر مزید روز دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے شروع کیے گئے ہیں، لہذا اس پر سیاسی وجوہات کی بنا پر تنقید نہیں ہونی چاہیے۔

اس سے قبل اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ دونوں منصوبوں پر تیزی سےکام جاری ہے اور زمین کے حصول کا کام بھی تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ پہلے سال میں سی ڈی بی میں ایک کھرب سرمایہ کاری کی توقع ہے، راوی ریور فرنٹ اسکیم ماسٹر پلین میں ایک ہزار 900 کم لاگت کے ہاؤنسنگ یونٹ شامل ہیں۔

ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری،وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈیلوپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ریٹائرڈ لفٹیننٹ جنرل انور علی حیدر اور پنجاب کے چیف سیکریٹری نے شرکت کی۔

بعدازاں وزیر اعظم عمران خان نے سرمایہ کاری بورڈ (بی او آئی) کے چیئرمین احسن اظفر سے بھی ملاقات کی، اس دوران وزیر اعظم نے ان سے بی او آئی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے تقرر کے لیے تجویز بھی طلب کی۔

وزیر اعظم نے ڈائریکٹرز کے تقرر کے طریقہ کار تجویز کیے اور بریفنگ کے دوران زیر بحث تمام اقدامات پر عمل درآمد کی ہدایت کی۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم کو بی او آئی میں کی جانے والی اصلاحات اور اس کی تنظیم میں نو کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

Facebook Comments