بدہ 15 مئی 2024

کورونا: چین سے 100 ملین روپے مالیت کا امدادی سامان پنجاب پہنچ گیا

کورونا: چین سے 100 ملین روپے مالیت کا امدادی سامان پنجاب پہنچ گیا

لاہور: مہلک کورونا وائرس پر قابو پانے والے ملک چین نے 100 ملین روپے مالیت کا امدادی سامان پنجاب حکومت کو عطیہ کردیا۔

قومی ائیرلائن (پی آئی اے) کا خصوصی طیارہ چین کی جانب سے عطیہ کردہ کورونا سے متعلقہ امدادی سامان لے کر لاہورپہنچا جسے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وصول کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ چین کے قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن، صوبائی وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اربنائزیشن، سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ اورمتعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

چین کی جانب سے امدادی سامان موصول کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ چین نے ہرآزمائش میں پاکستان کے عوام کی مدد کی ہے اسی لیے پاکستان اورچین کی دوستی لازوال رشتوں میں بندھی ہوئی ہے۔

اس دوران چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن نے کہا کہ پاکستان ہمارا بااعتماد دوست ملک ہے، مشکل کی گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کی مدد ہمارا فرض ہے۔

وزیراعلی پنجاب نے بتایا کہ چین کی جانب سے ملنے والے امدادی سامان میں پرسنل پروٹیکشن ایکوپمنٹس، پروٹیکٹو سوٹس، این 95 ماسک، سرجیکل ماسک، گلوز، ڈسپوزایبل میڈیکل پروٹیکٹوز شامل ہیں جو کورونا سے بچاؤ کے لیے فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹروں، ہیلتھ پروفیشنلز، نگرانی پر مامور عملے کو دیا جائے گا۔

اس دوران عثمان بزدار نے مریضوں کے علاج کے لیے خود کو خطرے میں ڈالنے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی خدمات کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

Government of Punjab@GOPunjabPK

پی آئی اے کا خصوصی طیارہ چین کی جانب سے عطیہ کردہ کورونا سے متعلقہ امدادی سامان لیکر لاہور پہنچ گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب @UsmanAKBuzdar نے لاہور ایئرپورٹ پر چین سے آنے والا امدادی سامان وصول کیا۔
▪︎چین نے 100 ملین روپے مالیت کا امدادی سامان پنجاب حکومت کو عطیہ کیا ہے۔

Embedded video

127 people are talking about this

انہوں نے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق قواعدو ضوابط تشکیل دیے ہیں اور ان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعلیٗ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اس وقت 62کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونیوالی 8 بی ایس ایل تھری لیب فنکشنل ہو چکی ہیں جب کہ معمولی علامات والے کورونا مریضوں کو ہوم آئسولیشن میں رکھنے کی اجازت بھی دی ہے۔

لاک ڈاؤن میں نرمی سے متعلق انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کا مقصد معیشت کے رکے پہیے کو حرکت میں لانا اور دیہاڑی دار طبقے کو روزگار فراہم کرنا ہے، درخواست ہے کہ پنجاب کے عوام، تاجربرادری اور صنعتکار سب احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر عمل کریں۔

واضح رہے کہ دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح پاکستان بھی کورونا وائرس سے نبردآزما ہے ، ملک میں اب تک کورونا کیسز کی تعداد  32 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جس میں سے  11 ہزار سے زائد کا تعلق پنجاب سے ہے جب کہ صوبے میں اب تک 211 مریض بھی انتقال کر چکے ہیں۔

Facebook Comments