ھفتہ 27 اپریل 2024

امتیاز شیخ کو الزامات پر 16 جون کو جواب جمع کرانے کا حکم

امتیاز شیخ کو الزامات پر 16 جون کو جواب جمع کرانے کا حکم

سندھ ہائی کورٹ میں سندھ کے صوبائی وزیر امتیاز شیخ پر الزامات کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی کمیٹی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

دورانِ سماعت سندھ حکومت اور صوبائی وزیر امتیاز شیخ نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگ لی، جبکہ عدالتِ عالیہ نے فریقین کو 16 جون کو جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

جسٹس محمد علی مظہر نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ہم نے امتیاز شیخ سے تحقیقات کرنے والی کمیٹی کو کام سے روک رکھا ہے، عدالت نے آئین کو مدِنظر رکھتے ہوئے معاملے کو دیکھنا ہے کہ اصل ایشو کیا ہے۔

درخواست گزار نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ جو پولیس افسران امتیاز شیخ کے خلاف تحقیقات کر رہے ہیں ان کے امتیاز شیخ سے ذاتی تعلقات ہیں۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ امتیاز شیخ آج بھی ان افسران سے ملاقات کرتے ہیں، جس کی میرے پاس ویڈیوز اور تصویریں موجود ہیں۔

ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کے روبرو کہا کہ اگر کوئی کسی سے تقریب میں ملاقات کر لیتا ہے تو وہ کیس میں کیسے اثر انداز ہو سکتا ہے؟

یہ بھی پڑھیئے: وزیرِاعلیٰ سندھ کی امتیاز شیخ کو ہدایت

اسی کیس کے سلسلے میں ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان بھی سندھ ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ امیتاز شیخ پر لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی کمیٹی غیر قانونی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سابق آئی جی سندھ نے تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا، جبکہ موجودہ آئی جی نے 3 رکنی کمیٹی بنا دی ہے۔

Facebook Comments