جمعہ 26 اپریل 2024

حکمتِ عملی اپنائی ہوتی تو کورونا کیسز نہ بڑھتے: شہباز شریف

حکمتِ عملی اپنائی ہوتی تو کورونا کیسز نہ بڑھتے: شہباز شریف

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے نفاذ اور کھولنے سے پہلے حکمتِ عملی اپنائی ہوتی تو کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ نہ ہوتا۔

ایک بیان میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ملک میں کورونا وائرس سے متاثرین اور اموات کی شرح میں اضافے پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ مزید وقت ضائع کیے بغیر ہمہ جہت جامع قومی حکمتِ عملی بنائی جائے، مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلا کر حالات کا جائزہ لیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حالات کے مطابق متعلقہ پہلوؤں پر توجہ دی جائے تاکہ نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے، تازہ ترین حالات کو دیکھتے ہوئے ازسرِ نو حکمتِ عملی کا تعین کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹنگ کے ڈیٹا کے بارے میں قوم کو بتایا جائے، پچھتانے، ہاتھ ملنے اور تقدیر کا لکھا کہنا کوئی پالیسی نہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: ڈیل کے تحت گیا نہ واپس آیا، شہباز شریف

قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف نے مزید کہا کہ بہترین تدابیر سے نقصانات کم کیے جا سکتے ہیں، قوم کو بتایاجائے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی کیا حکمتِ عملی ہے؟ قوم کو تمام تفصیل بتائی جائے۔

میاں محمد شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، ورنہ حالات ہاتھ سے نکلے جا رہے ہیں

Facebook Comments