جمعہ 26 اپریل 2024

پیٹرول کی قیمت میں کمی سے اشیائے ضروریہ کی قیمت بھی لازمی کم ہونی چاہیئے، وزیراعظم

پیٹرول کی قیمت میں کمی سے اشیائے ضروریہ کی قیمت بھی لازمی کم ہونی چاہیئے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مناسب قیمتوں میں ان اشیا کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے اس سلسلے میں فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔

دفتر وزیراعظم سے جاری کردہ بیان کے مطابق عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود (اشیائے ضروریہ کی) قیمتوں میں بے لگام اضافے پر برہمی کا اظہار کیا۔

جاری کردہ باضابطہ بیان میں کہا گیا کہ ’وزیراعظم نے اس بات کا سختی سے نوٹس لیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ چند ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کافی حد تک کم کیے جانے کے باوجود اشیائے ضروریہ کی قیتموں میں کوئی خاطر خواہ کمی نہیں ہوئی بلکہ اس کے بجائے ان میں اضافہ ہورہا ہے‘۔

وزیراعظم نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’جب گندم کی کٹائی حال ہی میں اختتام پذیر ہوئی ہے ایسے میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کی کوئی منطق نہیں ہے۔

وزیراعظم نے صوبائی وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ اس معاملے کو دیکھیں اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے اثرات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر پڑیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتیں روزانہ کی بنیاد پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عام آدمی تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔

ساتھ ہی انہوں نے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کو اشیاے ضروریہ کی قیمتوں کو ہفتہ وار بنیادوں پر مانیٹر کرنے اور قیمتوں میں کمی کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی۔

خیال رہے کہ بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی کم ہوئی تھیں، وزیراعظم نے اس مشکل وقت کے دوران قوم کو ریلیف دینے کے لیے قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔

Facebook Comments