منگل 30 اپریل 2024

شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کے ساتھ ہاٹ لائن سمیت تمام سرکاری رابطے منقطع کردیے

شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کے ساتھ ہاٹ لائن سمیت تمام سرکاری رابطے منقطع کردیے

شمالی کوریا نے پڑوسی ملک جنوبی کوریا کے ساتھ ہر قسم کے مواصلاتی رابطے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق شمالی کوریا نے اپنے ہمسائے اور حریف ملک جنوبی کوریا کو دشمن قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان ہاٹ لائن رابطے سمیت ہر قسم کے سرکاری رابطے کےذرائع منقطع کردیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 2018ء میں دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کم کرنے کے لیے  شمالی کوریا کے سرحدی شہرکیسانگ میں قائم کیے گئے رابطےکے دفتر کو بھی بند کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے کی جانب سے بھی جنوبی کوریا سے ہر قسم کے مواصلاتی رابطے ختم کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے کا کہناہے کہ ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ کسی بھی مسئلے پر جنوبی کوریا کی انتظامیہ کے ساتھ  بیٹھنے اور بات چیت کرنے کی ضرورت نہیں کیوں کہ ان لوگوں نے ہمیشہ ہمیں مایوس کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے یہ اقدام جنوبی کوریا کی جانب سے مبینہ طور پر شمالی کوریا میں لوگوں کو حکومت کے خلاف اکسانے کے لیے پروپیگنڈا پمفلٹس بھجوانے پر کیا گیا ہے۔

گذشتہ ہفتے  شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی بہن کم یو جونگ نے دھمکی دی تھی کہ جب تک جنوبی کوریا باغی اور مفرور گروپوں کے پمفلٹ شمالی کوریا میں بھیجنا نہیں روکتا تب تک وہ رابطہ دفتر بند رکھیں گے۔

خیال رہے کہ دونوں ممالک تکنیکی طور پر حالت جنگ میں ہیں کیوں کہ 1953 کی کوریائی جنگ کے خاتمے کے بعد سے دونوں ممالک کے مابین کوئی امن معاہدہ نہیں ہوا ہے۔

Facebook Comments