ھفتہ 18 مئی 2024

الیکٹرو میڈیکل ڈیوائسز کے بارے میں وزارت صحت اور سائنس میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط

الیکٹرو میڈیکل ڈیوائسز کے بارے میں وزارت صحت اور سائنس میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط

وزارت صحت اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے درمیان الیکٹرو میڈیکل ڈیوائسز کے پیداوار کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے گئے۔

اس حوالے سے اسلام آباد کے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب میں وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) شریک تھے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر سائنس فواد چوہدری کا کہنا تھا ککہ اس مینکانزم کے تحت فریم ورک اس شعبے میں جدت اور مقامی انجینئرنگ سلوشن کو جنم دے گا اور صحت کی سہولیات میں بہتری لائے گا۔

ان کے مطابق یہ اقدام جدت پسندوں کے لیے ایک سے زیادہ الیکٹرو میڈیکل آلات کو پاکستانی میں سرمایہ کاری کے لئے آگے بڑھائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے ذریعہ الیکٹرو میڈیکل ڈیوائسز کو ریگولیٹ کیا جارہا ہے اور 15 وینٹیلیٹر مختلف ٹرائلز میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان انجینیئرنگ کونسل (پی ای سی) کے ذریعہ 4 وینٹیلیٹرز کا مشین ٹرائل رواں ہفتے کے اختتام تک مکمل ہوجائے گا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان ذاتی حفاظتی سامان برآمد کرنے کی پوزیشن میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت 10 ملین ڈالر مالیت کی برآمدات کے آرڈرز زیر التوا ہیں اور ان کی وزارت مقامی سرجیکل سامان تیار کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ بھی تعاون میں اضافہ کرے گی۔

اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ‘ہم نے پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں بہتری لائی ہے اور جلد ہی ہم مقامی سطح پر وینٹیلیٹر تیار کریں گے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستان نازک موڑ پر ہے، بہتر حکمت عملی کے تحت پاکستان صحت کے شعبے میں حفاظتی سامان برآمد کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ’پاکستان اسلامی دنیا کا پہلا ملک ہے جہاں کورونا کا جینیاتی مطالعہ کیا گیا‘۔

Facebook Comments