ھفتہ 27 اپریل 2024

اُشنا شاہ نے قائداعظم محمد علی جناح کا قول کیوں شیئر کیا؟

اُشنا شاہ نے قائداعظم محمد علی جناح کا قول کیوں شیئر کیا؟

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) کی جانب سے مندر کی تعمیر کا کام روک دیا گیا ہے اور اِس ضمن میں جہاں سوشل میڈیا صارفین اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں تو وہیں معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے بھی اس حوالے اپنا ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اُشنا شاہ نے اپنے ٹوئٹ میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا مشہور قول لکھا، جس قول میں پاکستان میں برابری، امن، یکسانیت کا پیغام دیا گیا ہے، اس کے علاوہ اقلیتوں کو بغیر کسی ڈر اور خوف کے اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کی آزادی کی بھی بات کی گئی ہے۔

قائد اعظم محمد علی جناح کا قول:

آپ آزاد ہیں، آپ اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔ آپ اس ریاست پاکستان میں اپنی مساجد یا کسی اور عبادت گاہوں پر جانے کے لیے آزاد ہیں۔ آپ کا تعلق کسی بھی مذہب، ذات یا مسلک سے ہو لیکن اِس کا ریاست کے کاروبار سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) نے مندر کا کام رکوادیاہے، ترجمان سی ڈی اے کا کہنا تھا کہ مندر بغیر نقشے کے بنایا جارہا تھا۔

اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے معاملے پر ترجمان سی ڈی اے نے بتایا کہ اسلام آباد کے ماسٹر پلان کے مطابق کوئی عمارت نقشے کی منظوری کے بغیر نہیں بنائی جاسکتی، متعلقہ افراد کو مندر کے نقشے کی منظوری کا کہا ہے۔

Facebook Comments