بدہ 08 مئی 2024

کورونا وائرس درجنوں بحری جہازوں کے لیے موت کا پیغام بن گیا، توڑ پھوڑ شروع کر دی گئی

کورونا وائرس درجنوں بحری جہازوں کے لیے موت کا پیغام بن گیا، توڑ پھوڑ شروع کر دی گئی
فوٹو :فائل

  انقرہ(دھرتی نیوز) کورونا وائرس کی وباءمسافر بحری جہازوں کے لیے موت کا پیغام بن گئی ہے اور بحری جہازوں میں سفر پر پابندی عائد ہونے سے ان جہازوں کو سکریپ یارڈ ز پہنچایا جا رہا ہے اور انہیں توڑا جا رہا ہے۔

میل آن لائن کے مطابق صرف ترکی کی بندرگاہ پر آدھ درجن سے زائد مسافر بحری جہاز لائے گئے ہیں جہاں سکریپ یارڈ میں ان کی توڑ پھوڑ کا کام شروع ہو گیا ہے۔

ان میں کیرنیول کروز لائن کمپنی کا کیرنیول فینٹیسی نامی بحری جہاز بھی شامل ہے جس پر گزشتہ سال ہی کروڑوں روپے خرچ کیے گئے تھے اور اس کی تعمیرو مرمت اور تزئین و آرائش کی گئی تھی۔ 

رپورٹ کے مطابق امریکہ سمیت کئی ممالک نے کورونا وائرس کی وجہ سے بحری جہازوں پر لوگوں کے سفر کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

اس کے علاوہ بحری جہازوں سے متعلق ایک خوف بھی دنیا میں پھیلا ہوا ہے جس کی وجہ سے لوگ ان پر سفر سے گریز کر رہے ہیں۔ کورونا وائرس کی ابتداءسے ہی کئی بحری جہازوں کے متعلق خبریں آتی رہی ہیں کہ ان میں دوران سفر کورونا وائرس پھیل گیا اور ہزاروں مسافر اس کا شکار ہو گئے۔ ان بحری جہازوں کے مسافروں کو کوئی ملک بھی اپنی بندرگاہ پر اترنے کی اجازت نہیں دیتا تھا۔

ایسا ہی ایک جہاز جاپان کی بندرگاہ پر کئی ہفتے کھڑا رہا اور اس میں سوار لوگ کورونا وائرس سے مرتے رہے۔

انہی وجوہات کی بناءپر مسافربحری جہازوں کی اربوں ڈالر کی انڈسٹری کا بھٹہ بیٹھ گیا ہے تاہم اس انڈسٹری کے پامال ہونے سے سکریپ یارڈ انڈسٹری چمک اٹھی ہے جہاں ان مسافر بحری جہازوں کو لایا اور توڑا جا رہا ہے۔

Facebook Comments