اتوار 19 مئی 2024

پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر کا خدشہ لیکن بھارت اور چین کی کیا صورتحال ہے؟ خبرآگئی

پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر کا خدشہ لیکن بھارت اور چین کی کیا صورتحال ہے؟ خبرآگئی
فوٹو :فائل

اسلام آباد، نئی دہلی، بیجنگ (دھرتی نیوز) پاکستان میں سردیوں کے آغاز میں کورونا کی دوسری لہر کا خدشہ ظاہر کیا جارہاہے اور اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان نے قوم سے ماسک پہننے سمیت حفاظتی اقدامات کی اپیل کردی ، بھارت میں کورونا سے اموات کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی جبکہ چین میں مقامی طورپر کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کچھ دوسری ریاستوں کے مقابلے میں اللہ پاک نے ہم پر مہربانی کی ہے اور ہمیں کورونا وائرس کے بدترین اثرات سے بچایا ہے تاہم خدشہ ہے کہ موسم سرما کا آغاز کورونا وائرس کی دوسری لہر کے آغاز کا سبب بن سکتا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں سب سے گزارش کرتا ہوں کہ کیسز کی تعداد کو بڑھنے سے روکنے کے لیے عوام چہروں پر ماسک پہنیں، تمام دفاتر اور اداروں کو یقینی بنانا ہوگا کہ ان کے ملازمین نے ماسک پہن رکھے ہوں۔ 

ادھر بھارت میں نوول کروناوائرس کی عالمی وبا کے باعث ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرکے ایک لاکھ 842 ہوگئی ہے۔یہ بات وفاقی وزارت صحت کی جانب سے جاری تازہ اعدادوشمار میں بتائی گئی ہے۔

امریکہ اور برازیل کے بعد بھارت نوول کروناوائرس کے باعث ایک لاکھ ہلاکتوں والا دنیا کا تیسرا ملک بن گیا ہے۔

وزارت کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 1ہزار69 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔جنوب مغربی ریاست مہارشٹرا میں سب سے زیادہ 37ہزار450 ہلاکتیں ہوئی ہیں اور اس کے بعد جنوبی ریاست تامل ناڈو میں 9ہزار652 ہلاکتیں جبکہ جنوبی ریاست کرناٹک میں 9ہزار124ہلاکتیں ہوئی ہیں۔جمعہ کی صبح سے لے کر اب تک 79ہزار476نئے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ ملک میں نوول کروناوائرس کے کل کیسز کی تعداد 64لاکھ73ہزار544 تک پہنچ گئی ہے۔ملک میں 9لاکھ 44ہزار996متحرک کیسز ہیں جبکہ 54لاکھ27ہزار706افراد صحت یاب ہوگئے ہیں اور انہیں ہسپتالوں سے فارغ کیا جا چکا ہے۔بھارتی کونسل برائے طبی تحقیق (آئی سی ایم آر) کے مطابق جمعہ تک 7کروڑ78لاکھ50ہزار403ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں جن میں سے 11لاکھ32ہزار675 ٹیسٹ جمعہ کے روز کئے گئے ہیں۔

دوسری طرف چین کے قومی صحت کمیشن نے کہاہے کہ چینی مین لینڈ پر جمعہ کے روز نوول کروناوائرس کی مقامی سطح پر ترسیل کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔

کمیشن نے ہفتہ کے روز اپنی روزانہ کی رپورٹ میں کہاہے کہ نوول کروناوائرس کے 10نئے درآمدی کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔کمیشن نے کہا کہ مین لینڈ سے باہر سے آنے والے ایک نئے مشتبہ کیس کی شنگھائی میں اطلاع ملی ہے لیکن اس بیماری کی وجہ سے کوئی بھی نئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

Facebook Comments