ھفتہ 18 مئی 2024

لاہور میں اسٹریٹ کرائم عروج پر50 سالہ شخص کا قتل، 4 افراد زخمی، ڈاکو گرفتار

لاہور میں اسٹریٹ کرائم عروج پر50 سالہ شخص کا قتل، 4 افراد زخمی، ڈاکو گرفتار

لاہور میں اسٹریٹ کرائم عروج پر ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 50 سالہ شخص جاں بحق ہو گیا، مقابلے میں ڈاکو گرفتار اور فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔

لاہور کے علاقے باغبان پورہ میں ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر 50 سالہ شخص کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

باغبان پورہ پولیس کے مطابق 50 سالہ عزیز اپنے دوست خالد کے ساتھ اے ٹی ایم سے رقم نکلوا کر موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ 2 ڈاکوؤں نے اسے روک لیا۔عزیز نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گیا جبکہ ڈاکو واردات انجام دینے کے بعد باآسانی فرار ہو گئے۔

لاہور کے علاقے اسلام پورہ میں مبینہ مقابلے میں ایک پولیس اہل کار زخمی ہو گیا، ایک ڈاکو پکڑا گیا۔

اسلام پورہ کے علاقے سنت نگر میں ہندو کیمپ کے قریب 2 ڈاکو ایک شہری سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ شہریوں نے انہیں گھیر لیا۔

اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی جس سے ایک اہل کار زخمی ہو گیا، شہریوں نے ایک ڈاکو کو پکڑ لیا اور اس کی پٹائی کرنے کے بعد اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔

Facebook Comments