جمعہ 26 اپریل 2024

نیوزی لینڈ میں موجود قومی ٹیم کا سپیشل آئیسولیشن ختم

نیوزی لینڈ میں موجود قومی ٹیم کا سپیشل آئیسولیشن ختم
فوٹو : رائٹرز

لاہور (دھرتی نیوز) نیوزی لینڈ میں موجود قومی سکواڈ کی تیسری کورونا ٹیسٹنگ مکمل ہو گئی ہے جبکہ ماضی میں وائرس زدہ ہونے کی وجہ سے مثبت آنے والے دو کرکٹرز بھی مخصوص آئیسولیشن چھوڑ کر اپنے گروپس میں شامل ہو گئے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ کے نواح میں موجود پاکستانی سکواڈ کی پہلی کورونا ٹیسٹنگ میں 6کرکٹرز کی رپورٹس مثبت آ گئی تھیں، اگلے مرحلے میں مزید ایک کھلاڑی پازیٹیو نکلا جس کے بعد کھلاڑیوں اور معاون سٹاف ارکان کو اپنے گروپس کیلئے مخصوص اوقات و مقام پر چہل قدمی کی اجازت دے دی گئی۔

 گزشتہ روز تیسری ٹیسٹنگ کیلئے بھی تمام کھلاڑیوں کے سیمپلز حاصل کر لئے گئے، پہلے ٹیسٹ کے6میں سے 2کرکٹرز ماضی میں وائرس زدہ ہونے کی وجہ سے پازیٹیو آئے تھے، خون کے سیرولوجی ٹیسٹ میں اس بات کی تصدیق اتوار کو ہوگئی تھی کہ طبی طور پر دونوں ارکان انفیکشن سے کلیئر ہیں، ان کو دوبارہ سکواڈ جوائن کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ اتوار کی چھٹی کے سبب موخر کردیا گیا۔

گزشتہ روز دونوں نے سپیشل آئیسولیشن چھوڑ کر اپنے گروپس کیلئے مختص کمروں میں قیام کر لیا، یاد رہے کہ پہلے مرحلے میں 6 ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے قرنطینہ بھی دوبارہ شیڈول کئے جانے سے کھلاڑیوں کو ٹریننگ شروع کرنے کا موقع نہیں مل سکا، پی سی بی پرامید ہے کہ پیر کو ہونے والے ٹیسٹ کے نتائج پر سکواڈ کو گراﺅنڈ میں ٹریننگ کی اجازت مل جائے گی۔

Facebook Comments