جمعہ 26 اپریل 2024

ایران پرحملہ ہوا توعرب امارات پرحملہ کردینگے،ایران

ایران پرحملہ ہوا توعرب امارات پرحملہ کردینگے،ایران

ایران نے متحدہ عرب امارات کو براہ راست دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر حملے کے لیے متحدہ عرب امارات کی سرزمین استعمال کی تو ایران دبئی پر حملہ کردے گا۔

متحدہ عرب امارات کےاعلیٰ عہدیدار نےمڈل ایسٹ آئی نیوز ویب سائٹ کو بتایا کہ ایران نے متحدہ عرب امارات کو براہ راست حملے کی دھمکی دی ہے۔ ایران نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر حملے کے لیے متحدہ عرب امارات کی سرزمین استعمال کی تو پھر ایران کے جوابی حملے کے لیے تیار رہے۔

محمد بن زید النہیان کو بھیجے گئے پیغام میں ایران نے کہا ہے کہ “اپنے ایٹمی سائنسدان محسن فخری زادہ کے قتل کی براہ راست ذمہ داری ان پر عائد کی جائے گی”۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے جمعے کے روز شام ایران کے سب سے اہم ایٹمی سائنسدان محسن فخری زادہ کو تہران کے مضافات میں ان کے 6محافظوں سمیت قتل کردیا گیا تھا۔ایران کی جانب سے ایٹمی سائنسدان کے قتل کا الزام اسرائیل پرعائد کیا ہے۔

مڈل ایسٹ آئی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جیسے ہی متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کی طرف سے ایرانی ایٹمی سائنسدان کے قتل پر مذمتی بیان جاری کیا گیا کہ اس واقعے سے خطے میں تنازعات بڑھ جائیں گے۔ اس بیان کے فوری بعد ایران نے ذاتی تعلقات استعمال کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زید کو براہ راست دھمکی بھیجی۔

دوسری جانب اسرائیل نے مشرق وسطیٰ میں اپنے تمام سفارتخانوں اور سفیروں کو ہائی الرٹ کردیا ہے کہ ایران کی طرف سے محسن فخری زادہ کے قتل کا بدلہ لینے کے لئے انہیں نشانہ بنایا جاسکتا ہے

Facebook Comments