ھفتہ 27 اپریل 2024

ہم نظام کی خرابی کی بات کر رہے ہیں، اقتدار کی نہیں، شاہد خاقان عباسی

ہم نظام کی خرابی کی بات کر رہے ہیں، اقتدار کی نہیں، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد(دھرتی نیوز) مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم نظام کی خرابی کی بات کر رہے ہیں، اقتدار کی نہیں۔

ایل این جی ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب کا پچھلا کیس 9 سال چلا تھا،انہوں نے کہا کہ آج پی ڈی ایم کی میٹنگ ہے، جس میں دیکھا جائے گا 13 دسمبر کے بعد کیا کرنا ہے، پارلیمانی نظام یک طرفہ نہیں چل سکتا،سابق وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کی مشکلات پیچھے رہ گئی ہیں، پیٹرولیم بحران حکومت نے خود پیدا کیا ہے، حکومت کی ناکامی ہے، معیشت برباد ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نظام کی خرابی کی بات کر رہے ہیں، اقتدار کی نہیں، جو 2018 کے الیکشن میں ہوا، وہ دوبارہ ہوا تو ملک آگے نہیں چلے گا۔

قبل ازیں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس کی سماعت سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ کی خود کو قرنطینہ کرنے کے باعث عدم پیشی پر 15 دسمبر تک ملتوی کر دی۔سابق وزیر اعظم شاہد خاقان اور دیگر کے خلاف ایل این جی ریفرنس کی سماعت اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے کی۔

دورانِ سماعت شاہد خاقان عباسی و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے تاہم شاہد خاقان عباسی کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ قرنطینہ میں ہونے پر پیش نہ ہوئے۔معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بیرسٹر ظفراللہ کی والدہ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے، جس کے بعد بیرسٹر ظفر اللہ خود بھی قرنطینہ میں ہیں۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نے بیرسٹر ظفر اللّٰہ کی عدم پیشی پر ایل این جی ریفرنس کی سماعت 15 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

Facebook Comments