ھفتہ 18 مئی 2024

کمسن بچے کی منہ کے حساب سے 4 گنا بڑی زبان، ڈاکٹروں نے سرپکڑ لیا

بڑی زبان

واشنگٹن(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں بچے کی پیدائش کے بعد طبی ماہرین کمسن کی زبان دیکھ کر حیران رہ گئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست پنسلوانیا میں تھومس نامی بچے کی پیدائش سال 2018 میں ہوئی، دو ہفتے بعد کمسن کی زبان منہ کے حساب سے 4 گنا بڑی دیکھی گئی۔

رپورٹ کے مطابق بچے کی سنگین حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے دو انچ زبان سرجری کے ذریعے کاٹنے کا فیصلہ کیا۔ پیدائش کے دو ہفتوں کے بعد ہی بچے کی سرجری ہوئی، تاہم آپریشن کے بعد بھی کمسن کی زبان غیرمعمولی طور پر بڑھ رہی ہے جس پر ماہرین کو شدید تشویش ہے۔

تھومس کی زبان بڑی ہونے کے باعث اسے سانس لینے میں مشکلات پیش آتی تھی، سرجری میں دو انچ زبان کاٹ تو دی لیکن اب بھی ڈاکٹروں کو خدشہ ہے وقت گزرنے کے ساتھ زبان دوبارہ بڑھ سکتی ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے یہ ایک نایاب بیماری ہے جسے ‘بیک وتھ وائڈمن’ کہتے ہیں، اس مرض کے باعث نوزائیدہ بچے کے جسم کا کوئی بھی اعضا حجم کے لحاظ سے غیرمعمولی طور پر بڑا ہوسکتا ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق یہ بیماری ہر 15 ہزار بچوں میں سے کسی ایک کو ہوتی ہے۔ تھومس کے کیس میں اس بیماری کی علامت زبان پر نمودار ہوئی جس کے باعث اسے کھانے پینے، سانس لینے سمیت دیگر پیچیدہ مسائل کا سامنا تھا۔ تاہم ماہرین اب تک زبان کی بڑھوتی روکنے کا علاج دریافت نہیں کرسکے۔

Facebook Comments