جمعہ 26 اپریل 2024

باڈی بلڈنگ کے لیے سٹیرائیڈز استعمال کرنے والوں کی مردانہ طاقت پر اس کا کیا اثر پڑتا ہے؟ تازہ تحقیق میں سائنسدانوں نے وارننگ دے دی

کوپن ہیگن(دھرتی نیوز) باڈی بلڈنگ کے شوقین مرد گاہے شارٹ کٹ کے طور پر سٹیرائیڈز کی طرف راغب ہو جاتے ہیں اور اپنی صحت تباہ کر بیٹھتے ہیں۔ اب ڈنمارک کے سائنسدانوںنے نئی تحقیق میں سٹیرائیڈز کا ایک اور انتہائی سنگین نقصان بھی بتا دیا ہے۔

میل آن لائن کے مطابق کوپن ہیگن کے ادارے ریگشوسپیٹالے کے سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ جو مرد مسلز بنانے کے لیے سٹیرائیڈز کا استعمال کرتے ہیں ان کی مردانہ طاقت طویل مدت کے لیے متاثر ہونے کا سنگین خطرہ ہوتا ہے۔ اینابولک سٹیرائیڈز بنیادی طور پر سنتھیٹک ڈرگز ہیں جو مردانہ جنسی ہارمون ٹیسٹاسٹرون کے اثرات کی نقالی کرتی ہیں، چنانچہ یہ مردوں کی جنسی صحت کے لیے بہت نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں۔

 رپورٹ کے مطابق سٹیرائیڈز کی زیادہ مقدار لینے والے مرد وں میں جنسی تحریک کم ہو جاتی ہے، عضو مخصوصہ کی ایستادگی کمزور پڑ جاتی ہے اور ان میں سپرمز کی تعداد بھی کم ہو جاتی ہے۔ سٹیرائیڈز چھوڑنے کے کئی سال بعد تک ان کے مردوں کی جنسی صحت پرپڑنے والے یہ منفی اثرات برقرار رہتے ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ جان جے راسموسین کا کہنا تھا کہ ہماری اس تحقیق میں کئی ایسے مرد بھی شامل تھے جو 32ماہ پہلے سٹیرائیڈز چھوڑ چکے تھے لیکن ان کو مذکورہ جنسی عارضے تاحال لاحق تھے۔

Facebook Comments