بدہ 08 مئی 2024

کھانے کے تبادلے پر پابندی ، لیکن نماز تراویح کیلئے کتنا وقت دیا جائے گا؟ متحدہ عرب امارات نے رمضان کے لیے کورونا ایس او پیز کا اعلان کردیا

ابوظہبی (دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے رمضان کے لیے کورونا ایس او پیز کا اعلان کردیا، متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت کی جانب سے ماہِ رمضان کے لیے ایس او پیز جاری کیے گئے ہیں جس کے تحت فیملی اجتماعات اور ایک دوسرے کے ساتھ کھانے کے تبادلے پر پابندی ہوگی۔

یو اے ای کی وزارت صحت کا کہنا ہےکہ عوامی صحت اور معاشرے کے تحفظ کے لیے رمضان کے دوران افطار پارٹیوں، تفریحات، کھانے کی تقسیم اور ایک دوسرے کے درمیان کھانے کے تبادلے پر پابندی ہوگی جبکہ صرف ایک گھر میں رہنے والے افراد ہی ایک دوسرے سے کھانے کا تبادلہ کرسکتے ہیں۔

یو اے ای کی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہےکہ رمضان کے دوران اجتماعی افطار، مساجد کے سامنے کھانے اور دیگر عوامی مقامات پر کھانا کھلانے پر بھی پابندی عائد ہوگی جب کہ ریسٹورینٹس کو بھی کھانا تقسیم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

کرائسز مینجمنٹ کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہےکہ صرف مزدوروں کی مدد کے لیے کھانے کی تقسیم کی جاسکتی ہے اور رمضان میں جو لوگ مزدوروں کی مدد کے لیے کھانا تقسیم کرنا چاہتے ہیں انہیں اس کے لیے کمپنی کی مینجمنٹ سے رابطہ کرنا ہوگا اور ریسٹورینٹس پیکٹوں میں کھانا تقسیم کریں گے۔

عرب میڈیا کے مطابق کرائسز مینجمنٹ نے تراویح کے لیے بھی سخت ہدایات جاری کی ہیں اور عشاء و تراویح کی نماز کے لیے زیادہ سے زیادہ 30 منٹ کا وقت دیا جائے گا جب کہ نماز کے فوری بعد مساجد بند کردی جائیں گی، اس کے علاوہ خواتین کے نمازوں کے مقامات سمیت دیگر نمازوں کے لیے مقررہ مقامات مکمل طور پر بند رہیں گے۔

Facebook Comments