جمعہ 26 اپریل 2024

کیا کورونا ویکسین لگوانے سے روزہ ٹوٹ جائے گا؟ سعودی عرب کے مفتی اعظم کا اہم بیان سامنے آگیا

ریاض (دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) مفتی اعظم سعودی عرب عبدالعزیزبن عبداللہ آل شیخ کا کہنا ہے کہ کوروناویکسین لگوانے سے روزہ نہیں ٹوٹے گا۔

اپنے ایک بیان میں مفتی اعظم سعودی عرب نے کہا کہ روزہ کی حالت میں کورونا ویکسین لگوانا جائز ہے اس سے روزہ باطل نہیں ہوگا۔ کوروناویکسین عضلاتی طورپرلگائی جاتی ہےاس سےروزہ نہیں ٹوٹتا۔

دوسری جانب اسلامک افیئرز اینڈ چیریٹیبل ایکٹویٹیز ڈیپارٹمنٹ دبئی کے مفتی اعظم ڈاکٹر محمد عیادہ الکبیسی کا کہنا ہے کہ علما کا اس بات پر اتفاق ہے کہ رگوں یا گوشت میں لگائے جانے والے انجیکشن سے روزہ نہیں ٹوٹتا، اس کیلئے شرط یہ ہے کہ یہ ایسی دوائی نہ ہو جو بھوک مٹانے کیلئے استعمال ہوتی ہو۔

 انجیکشن لگوانے کے حوالے سے علامہ محمد یوسف بنوری نے بھی ایک فتویٰ جاری کیا تھا جس کے مطابق’ روزے کی حالت میں انجکشن لگوانا جائز ہے، خواہ رگ میں لگوایا جائے یا گوشت میں، کیوں کہ انجکشن کے ذریعے جو دوا بدن میں پہنچائی جاتی ہے وہ اصلی راستوں سے نہیں بلکہ رگوں یا مسامات کے ذریعے بدن میں جاتی ہے، جب کہ روزہ فاسد ہونے کے لیے ضروری ہے کہ بدن کے اصلی راستوں سے کوئی چیز معدے یا دماغ تک پہنچے اور انجکشن میں ایسا نہیں ہوتا، لہٰذا آپ دوران روزہ انجکشن لگواسکتے ہیں۔یہی حکم ڈرپ کا بھی ہے، یعنی روزے کی حالت میں ڈرپ لگانے سے روزہ فاسد نہیں ہوتا۔‘

Facebook Comments