بدہ 08 مئی 2024

غریب طبقے پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے، وزیراعظم

غریب طبقے پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جتنا ہو سکے غریب طبقے پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے، اسمگلنگ ،ذخیرہ اندوزی کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مہنگائی میں کمی پر اجلاس ہوا جس میں اسد عمر،خسرو بختیار، عبدالحفیظ شیخ، رزاق داؤد، فردوس عاشق اعوان سمیت متعلقہ وفاقی سیکریٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام،ممکنہ حد تک کمی حکومتی ترجیح ہے،حکومت کی تمام تر توجہ غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضروری ہے بنیادی اشیائے ضروریہ مناسب قیمت پر میسر آئیں، جتنا ہو سکے غریب طبقے پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کے اسٹاک کاحقیقی ڈیٹا ،طلب و رسد کے درست تخمینے پر توجہ دی جائے، بنیادی اشیا کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پیشگی انتظامات کرنے کے ساتھ اسمگلنگ ،ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی،روک تھام پرخصوصی توجہ دی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومتیں گندم کی قیمتوں میں کمی کے لیے تجاویز پر فوری طور پرغور کریں، تجاویز کی روشنی میں جامع پالیسی کا باقاعدہ اعلان کیا جائے۔

Facebook Comments