اتوار 19 مئی 2024

پاکستان سےجڑا امن پورے خطے کے امن کا ضامن ہے، فردوس عاشق اعوان

پاکستان سےجڑا امن پورے خطے کے امن کا ضامن ہے، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان سےجڑا امن پورے خطے کے امن کا ضامن ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایک طرف اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کرتاپور راہداری میں موجود ہیں، دوسری طرف بھارت میں اقلیتیں حکومت کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتونیوگوتریس اقلیتوں کے لیے پاکستان کے اقدامات دیکھ رہے ہیں، حکومت نے اقلیتوں کو سینے سے لگایا اور ان کو ہر حق کی فراہمی یقینی بنائی۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں یو این قراردادوں کا مذاق اڑا رہی ہے، ہماری توقع ہے کہ اقوام متحدہ کے الفاظ عملی اقدامات میں تبدیل ہوں گے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ افغان مہاجرین کا 40 سال سے پاکستان سے رشتہ دلوں کو جوڑتا ہے، امید ہے افغان بہن بھائیوں کو کردار ملک کی خوشحالی میں نظر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سےجڑا امن پورے خطے کے امن کا ضامن ہے، پاکستان نے پرامن افغانستان کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کی نظر میں بدل چکا ہے، افواج پاکستان اور عوام کا امن میں اہم کردار ہے، امن کی وجہ سے پی ایس ایل پاکستان آیا، ویران میدان آباد ہونے کے پیچھے شہدا کا لہو ہے۔

Facebook Comments