اتوار 28 اپریل 2024

سعودی نائب وزیر دفاع کی علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف

سعودی نائب وزیر دفاع کی علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف

وزیر اعظم عمران خان سے سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے ملاقات کی جس میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال سمیت دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے ملاقات کی جس میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال سمیت دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی نائب وزیر دفاع کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ قریبی، نچلی سطح پر اور تاریخی روابط پر مبنی پاک ۔ سعودی عرب تعلقات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔

انہوں نے 2019 میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے پاکستان کے تاریخی دورے اور خاص طور پر معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کی بھرپور معاشی مدد کا ذکر کیا۔

عمران خان نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے معاشی تعلقات اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے سعودی عزم کی تعریف کی۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور مسلمانوں پر بڑھتے ہوئے مظالم پر بھی روشنی ڈالی۔

وزیر اعظم نے بھارتی قیادت کی جانب سے سخت بیان بازی اور جارحانہ اقدامات سے امن و سلامتی کو لاحق خطرات کے حوالے سے زمینی حقائق سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے جاری مظالم کی روک تھام اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کو فروغ دینے کے لیے مسلم دنیا سمیت عالمی برادری کی اہمیت پر بھی زور دیا اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اہم رکن کی حیثیت سے سعودی عرب کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ عمران خان نے بھارت کے امتیازی سلوک سے متعلق شہریت ترمیمی ایکٹ اور نیشنل رجسٹر آف سٹیزن (این آر سی) پر بھی روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ بھارتی حکومت اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک اور مذہب سے ہٹانے کیلئے منظم کوششوں میں مصروف ہے، نئی دہلی میں مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ، عبادت گاہوں کی بے حرمتی نہ صرف مسلم دنیا بلکہ عالمی برادری کے لیے بھی تشویش کا باعث ہے۔

عمران خان نے اس بات پر زور دیا کہ راشٹریہ سویم سویک سنگھ (آر ایس ایس) سے متعصب ہو کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت ہندوتوا نظریے کو آگے بڑھاتے ہوئے کشمیریوں پر ظلم کے ساتھ ساتھ بھارت میں اقلیتوں سے بھی امتیازی سلوک کر رہی ہے، جسے روکنے کے لیے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔

سعودی نائب وزیر دفاع خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے وزیراعظم عمران خان کو سعودی قیادت کی جانب سے تہنیتی پیغام دیا اور مشرق وسطیٰ سمیت علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔

سعودی عرب اور پاکستان کے تزویراتی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات اور کثیرالجہتی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لیے سعودی قیادت کے پختہ عزم سے بھی آگاہ کیا۔

خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب اور پاکستان دیرپا شراکت دار کی حیثیت سے ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

Facebook Comments