منگل 07 مئی 2024

’کورونا وائرس سے حفاظت کیلئے پیاز، لہسن کا عرق موثر نہیں‘

’کورونا وائرس سے حفاظت کیلئے پیاز، لہسن کا عرق موثر نہیں‘

لاہور: انسٹیٹوٹ آف پبلک ہیلتھ (آئی پی ایچ) پنجاب نے اعلان کیا ہے ایسے کوئی سائنسی شواہد موجود نہیں جو کورونا وائرس سے حفاظت یا اس کے علاج میں پیاز اور لہسن کا عرق موثر ہونے کو ثابت کرسکیں۔

تاہم متوازن غذا اور صحت و صفائی کی اچھی صورتحال اس وائرس سے محفوظ رکھ سکتی ہے۔

آئی پی ایچ کی ڈین پروفیسر زرفشاں طاہر اور صحت عامہ کے دیگر ماہرین نے یہ بات ادارے میں عوامی آگاہی کے لیے منعقدہ ایک سیمینار میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ جو افراد نزلہ زکام یا کھانسی میں مبتلا ہیں انہیں ماسک پہننے چاہیئے اور کھانستے یا چھینکتے ہوئے ٹشو پیپر کا استعمال کرنا چاہیئے تا کہ دوسرے اس سے محفوظ رہیں۔ 

انہوں نے بتایا کہ صحت مند شخص کے ماسکس پہننے سے کورونا وائرس کو روکنے میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔

ڈاکٹر زرفشاں کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کوئی نئی بیماری نہیں بلکہ اس نے اپنی ہیئت تبدیل کی ہے اور ذاتی صحت و صفائی اور روک تھام کے اقدامات بآسانی اس وائرس سے محفوظ رکھ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ باقاعدگی سے ہاتھ دھونا اور اچھی غذا کا استعمال انفیکشن کے خلاف قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے۔

ڈاکٹر زرفشاں نے کہا کہ وائرس سے حفاظت کے لیے آئی پی ایچ نے ضروری ہدایات جاری کردیں ہیں اور آئی پی ایچ عوام تک صحت کا پیغام پہنچانے کے لیے ورچوئل یونیورسٹی کے میڈیا چینلز کا بھی استعمال کرے گا۔

اس موقع پر ڈاکٹر ہدیٰ نے کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے کوئی خصوصی غذا نہیں، مریض گوشت، سبزیاں اور پھل کھاسکتے ہیں سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلی ہوئی ہیں کہ اس قسم کے مریضوں کے لیے گوشت مضر صحت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے علاج یا روک تھام میں پیاز یا لہسن کے مفید ہونے کا کوئی سائنسی ثبوت موجود نہیں، عوام کو کسی بھی میڈیا کے ذریعے پھیلی اس قسم کی قیاس آرائیوں یا غلط معلومات پر توجہ نہیں دینا چاہیئے۔

ڈاکٹر ہدیٰ نے واضح کیا کہ ’اس وائرس کی کوئی مخصوص ویکسین یا دوا موجود نہیں‘۔

ڈاکٹر سمیہ کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں وہمی باتوں کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیئے، انہوں نے واضح کیا کہ گوشت کے استعمال اور پالتو جانوروں یا پرندوں کی دیکھ بھال کا کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے کوئی لینا دینا نہیں اور جو لوگ اس قسم کی افواہیں پھیلا رہے ہیں وہ عوام کا بھلا نہیں کررہے۔

ان کا مزید کہنا تھا عوام کورونا وائرس سے متعلق ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کر کے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

صحت عامہ کے ماہرین نے عوام کو تجویز دی کہ عوامی مقامات سے گریز اور باقاعدگی سے ہاتھ دھو کر احتیاطی تدابیر اپنائیں اور پریشان نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نزلہ زکام کھانسی اور سانس میں تکلیف پر فوراً ڈاکٹر کےپاس یا ہسپتال جائیں تا کہ تشخیص اور علاج ہوسکے۔

Facebook Comments