جمعہ 03 مئی 2024

کوئٹہ میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا، پاکستان میں مجموعی تعداد 19 ہوگئی

کوئٹہ میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا، پاکستان میں مجموعی تعداد 19 ہوگئی

صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز جبکہ کوئٹہ میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا جس کے بعد پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 19 ہوگئی۔

کوئٹہ کے فاطمہ جناح ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر نور اللہ موسیٰ خیل نے زیر علاج 12 سال کے بچے میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ بچہ والدین کے ساتھ تفتان سے کوئٹہ پہنچا تھا۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ بچے کا تعلق سندھ کے ضلع دادو سے ہے جبکہ اس کے والدین میں کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

قبل ازیں محکمہ صحت سندھ کی ترجمان کی جانب سے 2 نئے کیسز کے بارے میں بتایا گیا کہ پہلا کیس حیدر آباد سے جبکہ دوسرا کیس کراچی سے سامنے آیا ہے۔

اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ حیدرآباد میں جس مریض میں کیس سامنے آیا وہ شام سے براستہ دوحہ آیا تھا جبکہ دوسرا مریض ایران سے براستہ دبئی پاکستان پہنچا تھا۔

ترجمان کے مطابق محکمہ صحت کی جانب سے مذکورہ افراد کے رابطے میں آنے والے افراد کی ٹیسٹ کے لیے انہیں ٹریک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ اس وقت سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد اب تک 15 جبکہ ملک میں تعداد 19 ہوگئی ہے، جبکہ ایک مریض صحت یاب ہوکر ڈسچارج ہوچکا ہے۔

اینگرو کمپنی کے ملازم میں کورونا وائرس کی تصدیق

دوسری جانب اینگرو کمپنی کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ ان کے ایک ملازم کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ہاربر فرنٹ عمارت کی 8ویں منزل پر اینگرو کارپوریشن کے ایک ملازم کا سی او وی آئی ڈی 19 کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور یہ ملازم آخری مرتبہ 6 مارچ 2020 کو صرف کچھ وقت کے لیے دفتر آیا تھا۔

ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر آئندہ 3 روز کے لیے ہاربر فرنٹ عمارت میں موجود اینگرو کے تمام دفاتر بند رہیں گے اور کام کا دورباہ آغاز پیر 16 مارچ سے ہوگا۔

تاہم بیان میں یہ واضح کیا گیا کہ دفتر کی بندش کے دوران اینگرو عمارت کی تمام منزلوں پر انفیکشن سے بچاؤ (ڈس انفیکشن) کو یقینی بنائے گا۔

اینگرو کی جانب سے کہا گیا کہ آئندہ 3 روز کے لیے اس عمارت کے اینگرو کے تمام ملازمین سے توقع ہے کہ وہ گھر سے کام کریں گے۔

تاہم یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ آج سامنے آنے والے 2 کیسز میں یہ نہیں بتایا گیا کہ متاثر ہونے والا فرد اینگرو کا ملازم ہے یا نہیں۔

خیال رہے کہ 9 مارچ کو کراچی میں ایک ہی دن میں کورونا وائرس کے 9 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد گزشتہ روز مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی تھی۔

محکمہ صحت سندھ کی میڈیا کوآرڈینیٹر میران یوسف نے گزشتہ روز پہلے ایک مریض میں کورونا وائرس کے کیس کی تصدیق کی تھی اور بتایا تھا کہ کراچی کے ضلع شرقی سے تعلق رکھنے والے 53 سالہ شہری کا ٹیسٹ کیا جو مثبت آیا۔

بعد ازاں محکمہ صحت کی جانب سے ایک اور بیان جاری کرتے ہوئے مزید 8 کیسز کی تصدیق کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ 5 افراد شام سے براستہ دوحہ کراچی آئے اور 3 لندن سے براستہ دبئی گزشتہ ہفتے کراچی پہنچے تھے۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز ہی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بھی بذریعہ ٹوئٹ کراچی میں کورونا وائرس کے 9 کیسز کی تصدیق کی تھی۔

پاکستان میں کورونا وائرس

  • پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا۔
  • 26 فروری کو ہی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مجموعی طور پر 2 کیسز کی تصدیق کی۔
  • 29 فروری کو ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مزید 2 کیسز کی تصدیق کی، جس سے اس وقت تعداد 4 ہوگئی تھی۔
  • 3 مارچ کو معاون خصوصی نے کورونا کے پانچویں کیس کی تصدیق کی۔
  • 6 مارچ کو کراچی میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا، جس سے تعداد 6 ہوئی۔
  • 8 مارچ کو شہر قائد میں ہی ایک اور کورونا وائرس کا کیس سامنے آیا۔
  • 9 مارچ کو ملک میں ایک ہی وقت میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے 9 کیسز کی تصدیق کی گئی۔

Facebook Comments