بدہ 18 ستمبر 2024

“ثاقب طاہر” سب کو ساتھ لے کر چلنے والا ایک فرشتہ صفت انسان

تحریر: موسیٰ مغل المعروف عام آدمی

درد دل کے واسطے پیدا کیا انسان کو
ورنہ طاعت کے لیے کم نہ تھے کروںیاں

دوستو اپنی اس تحریر کے ذریعے میں آپ سے دردِ دل رکھنے والی اس شخصیت کا تعارف کروانے جا رہا ہوں جس کے سینے میں انسانیت کی خدمت کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے۔ یہ شخصیت ہیں محترم ثاقب طاہر۔۔۔۔۔

اسپین میں مقیم کمیونٹی کے لیے یقیناً ثاقب طاہر کا نام نیا نہیں ہے۔ حال ہی میں 23 مئی کو  فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے سب کو اپنے ساتھ ملا کر چلنے والا یہ ہر دلعزیز انسان ہر کسی کی آنکھ کا تارا بن چکا ہے۔

ثاقب طاہر یوں تو سوشل، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر آپ کو بہت کم نظر آئیں گے، لیکن عملی میدان میں آپ انہیں ہمہ وقت انسانیت کی خدمت کرتا پائیں گے۔ مشکل ترین حالات اور کڑے وقت میں بھی چہرے پر مسکراہٹ سجائے رکھنے والے ثاقب طاہر، میڈیا کی رنگا رنگ دنیا سے بہت دور ہیں۔ کیونکہ وہ اپنی تشہیر کے لیے نہیں بلکہ انسانیت کے ناطے دوسروں خدمت کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بے مثال فلاحی کاموں کے باوجود نہ کوئی پریس کانفرنس نہ انٹرویو، وہ کیمرے کی آنکھ سے دور رہتے ہیں۔

ثاقب طاہر بھائی کے کاموں کو گنوانے لگوں تو شاید اوراق کم پڑ جائیں لیکن حق ادا نہ ہو سکے۔ اس کے باوجود مختصراً عرض کرتا چلوں کہ گزشتہ سال جب کرونا وائرس ایک بھیانک عفریت کا روپ دھار چکا تھا۔ ہر کوئی اپنی چاردیواری میں مقید تھا، ماسک ختم ہو چکے تھے، ایسے میں اس فرشتہ صفت انسان نے اپنے چند دوستوں کے ساتھ مل کر کلوت اسلامک سینٹر میں ماسک بنا کر لوگوں میں مفت تقسیم کرنا شروع کیے۔

قارئین مسئلہ کشمیر ہو یا دنیا بھر میں کہیں بھی مسلمانوں پر ہوتا ظلم، ثاقب طاہر آپ کو احتجاج کرتا صفِ اول میں کھڑا نظر آئے گا۔ دور کیوں جائیں ابھی حال ہی کو لیجیے؛ مسئلہ فلسطین پر جو احتجاج ریکارڈ کروایا گیا، پہلے حکومت سے اجازت لینا جو کہ قارئین جانتے ہیں ہرگز اتنا آسان کام نہیں، پھر ایک بھرپور احتجاج بھی ریکارڈ کروانا، ثاقب طاہر کا ہی خاصہ تھا۔ یہیں پر بس نہیں گذشتہ اتوار مسئلہ فلسطین پر جو تاریخ ساز احتجاج ہوا۔ جسے ساری دنیا نے دیکھا، اس احتجاج کو کامیاب بنانے کے پیچھے تمام تر کاوشیں محترم ثاقب طاہر کی تھیں۔ جنہوں نے دن رات ایک کر کے تمام مکاتبِ فکر کے لوگوں کو ایک مقام پر یکجا کیا۔ نتیجہ یہ کہ فلسطین کے معاملے پر احتجاج کرتے مظاہرین کی آواز پوری دنیا میں گونجی۔

ان سب کے علاؤہ رمضان میں مستحقین میں مفت راشن کی تقسیم، مصیبت میں لوگوں کے لیے مسیحا بن جانا، ہر دکھ درد میں کام آنا، اور کون کون سے کام گنوائے جائیں۔ المختصر یہی کہوں گا کہ ثاقب طاہر بھائی شکریہ۔۔۔۔۔ آپ ہمارے دلوں میں بستے ہیں۔ اللہ پاک آپ کو ہمیشہ خوش و خرم رکھے اور آپ یوں ہی سدا انسانیت کی خدمت کرتے رہیں۔ آمین

عام آدمی

Facebook Comments