ھفتہ 18 مئی 2024

بھارتی میڈیا کی پاکستانی وزارت صحت کے جعلی اکاؤنٹ کی ٹوئٹ پر بے بنیاد خبریں

بھارتی میڈیا کی پاکستانی وزارت صحت کے جعلی اکاؤنٹ کی ٹوئٹ پر بے بنیاد خبریں

پاکستان میں کوروناوائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 21 ہوگئی ہے جن میں سے دو صحت یاب ہوگئے لیکن حکومت جہاں وائرس کے خلاف حفاظتی اقدامات کررہی ہے وہی بھارتی میڈیاسمیت دیگر ذرائع سے پھیلنے والی بے بنیاد خبروں کا بھی سامنا ہے۔

بھارتی میڈیا میں شہ سرخیوں میں @MinHealthpkنامی ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ کی خبر شائع کی گئی ہے جس کو بظاہر اس طرح بنایا گیا کہ پاکستان کی وزارت صحت سے مشابہت رکھتی ہے۔

مذکورہ اکاؤنٹ ستمبر 2019 میں بنایا گیا اور پاکستان میں کوروناوائرس کی صورت حال سے متعلق بے بنیاد خبریں جاری کی جاتی ہے۔

پاکستانی وزات صحت کے عہدیداروں نے تصدیق کی کہ یہ اکاؤنٹ جعلی ہے اور پوسٹس بھی درست نہیں ہیں۔

وزارت صحت کے پریس ریلیشن افسر ساجد شاہ نے مذکورہ اکاؤنٹ کے جعلی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا گیا ہے۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے محکمہ صحت سندھ کی میڈیا کوآرڈی نیٹر میران یوسف نے بھی اسی طرح کی بات کی۔

بھارتی میڈیا میں خبروں کا ذریعہ بننے والے اس اکاؤنٹ کے حوالے سے پیج میں کہا گیا ہے اس کو اسٹاف کی جانب سے چلایا جارہا ہے جو بظاہر جعلی ہے کیونکہ اکاؤنٹ کی جانب سے @TheZaiduLeaks کے ہینڈل سے موجود اکاؤنٹ کی ایک ٹوئٹ کو ‘پسند کیا گیا’ ہے۔

مذکورہ اکاؤنٹ کی جانب سے فوجی اہلکار کے حوالے سے کیے گئے ٹوئٹ وائرل ہوچکے ہیں۔

ان ٹوئٹس میں کہا گیا تھا کہ ‘جی ایچ کیو راولپنڈی میں معمول کے چیک اپ کے دوران کوڈ19 انوسٹی گیشن ٹیم نے 3 لیفٹننٹ کرنل، 2 کرنل، 2 بریگیڈیئر، ایک میجر جنرل کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کو مثبت پایا’۔

ہندوستان ٹائمز نے جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ کا حوالہ دیتے ہوئے خبر دی کہ پاک فوج کے 8 افسران کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

جعلی اکاؤنٹ کی جانب سے بے بنیاد خبروں کے اجرا کے باوجود وزارت صحت اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سمیت دیگر حکومتی اداروں کی جانب سے سرکاری سطح پر کوئی وضاحت تاحال نہیں دی گئی۔

خیال رہے کہ مذکورہ اکاؤنٹ کی جانب سے جعلی خبریں دینے کا معاملہ پہلی مرتبہ سامنے نہیں ہے آیا بلکہ اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ‘پاک-چین اقتصادی راہداری(سی پیک) کے ذریعے ہونے والی تجارت پر عارضی پابندی’ لگانے پر غور کرر ہے ہیں۔

اسی اکاؤنٹ سے ایک اور ٹوئٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی ظفر مرزا نے حکومتی اور فوجی عہدیداروں کے مستقل چیک اپ کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس بنانے کا حکم دیا ہے تا کہ اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ وہ کووڈ19 سے متاثر نہیں ہیں۔

Facebook Comments