جمعہ 26 اپریل 2024

پنجاب میں کورونا وائرس سے 6 افراد متاثر، ملک میں کیسز کی تعداد 193 ہوگئی

پنجاب میں کورونا وائرس سے 6 افراد متاثر، ملک میں کیسز کی تعداد 193 ہوگئی

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے 5 افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کردی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ پہلے فیز میں ایران سے پنجاب پہنچنے والے 42 زائرین کے ٹیسٹ کیے گئے تھے جس میں 5 مثبت آئے۔

یوں ملک بھر میں اب تک سامنے آنے والے کورونا کیسز کی تعداد 193 ہوگئی ہے جس میں سندھ کے 155، خیبرپختونخوا کے 15، بلوچستان کے 10، جبکہ گلگت بلتستان کے 5 کیسزشامل ہیں۔

قبل ازیں سندھ میں مزید 5 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 155 تک پہنچ گئی تھی جبکہ ملک میں مجموعی طور پر 193 لوگ وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

اس حوالے سے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ایک ٹوئٹ کی اور بتایا کہ 17 مارچ کو صبح 11 بجے تک سندھ میں متاثرہ افراد کی کُل تعداد 155 ہوگئی ہے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں سندھ کی تعداد کو 36 لکھا جس میں سے 2 صحت یاب جبکہ 34 زیر علاج بتائے گئے جبکہ سکھر آنے والے زائرین کے ٹیسٹ کا انہوں نے الگ سے بتایا۔

مرتضیٰ وہاب نے لکھا کہ سکھر آنے والے زائرین میں سے کل 234 کے ٹیسٹ کیے گئے جس میں 115 منفی اور 119 مثبت آئے ہیں، جس کے بعد مجموعی تعداد 155 ہوگئی۔

پاکستان میں کورونا وائرس

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا۔

  • 26 فروری کو ہی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مجموعی طور پر 2 کیسز کی تصدیق کی۔
  • 29 فروری کو ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مزید 2 کیسز کی تصدیق کی، جس سے اس وقت تعداد 4 ہوگئی تھی، 3 مارچ کو معاون خصوصی نے کورونا کے پانچویں کیس کی تصدیق کی۔
  • 6 مارچ کو کراچی میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا، جس سے تعداد 6 ہوئی۔
  • 8 مارچ کو شہر قائد میں ہی ایک اور کورونا وائرس کا کیس سامنے آیا۔
  • 9 مارچ کو ملک میں ایک ہی وقت میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے 9 کیسز کی تصدیق کی گئی تھی۔
  • 10 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے 3 کیسز سامنے آئے تھے جن میں سے دو کا تعلق صوبہ سندھ اور ایک کا بلوچستان سے تھا، جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 19 جبکہ سندھ میں تعداد 15 ہوگئی تھی۔

بعد ازاں سندھ حکومت کی جانب سے یہ تصحیح کی گئی تھی ‘غلط فہمی’ کے باعث ایک مریض کا 2 مرتبہ اندراج ہونے کے باعث غلطی سے تعداد 15 بتائی گئی تھی تاہم اصل تعداد 14 ہے، اس تصحیح کے بعد ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 10 مارچ تک 18 ریکارڈ کی گئی۔

  • 11 مارچ کو اسکردو میں ایک 14 سالہ لڑکے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد مجموعی تعداد 19 تک پہنچی تھی۔
  • 12 مارچ کو گلگت بلتستان کے ضلع اسکردو میں ہی ایک اور کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد ملک میں کورونا کے کیسز کی تعداد 20 تک جاپہنچی تھی۔
  • 13 مارچ کو اسلام آباد سے کراچی آنے والے 52 سالہ شخص میں کورونا کی تصدیق کے بعد تعداد 21 ہوئی تھی، بعدازاں اسی روز ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران تفتان میں مزید 7 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ پاکستان میں مجموعی طور پر کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 28 ہوگئی۔
  • 14 مارچ کو سندھ و بلوچستان میں 2، 2 نئے کیسز کے علاوہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 33 ہوگئی۔
  • 15 مارچ کو اسلام آباد اور لاہور میں ایک ایک، کراچی میں 5، سکھر میں 13 کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی تعداد کیسز کی تعداد 53 ہوگئی تھی۔
  • 16 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اچانک بہت تیزی سے اضافہ ہوا تھا اور سندھ میں تعداد 35 سے بڑھ کر 150 جبکہ خیبرپختونخوا میں نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 184 تک جا پہنچی تھی۔

Facebook Comments