منگل 30 اپریل 2024

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی 145 ویں سالگرہ

دبئی (طاہر منیر طاہر) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی 145 ویں سالگرہ گزشتہ دنوں پاکستان سوشل سنٹر شارجہ میں منائی گئی جس کا اہتمام پاکستان سوشل سنٹر شارجہ کی انتظامیہ اور صدر چودھری خالد حسین آف سدووال نے کیا تھا۔ سالگرہ کی تقریب میں قونصلیٹ سٹاف اور پاکستانی کمیونٹی کے لوگوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کے ہیڈ آف چانسری گیان چند مہمان خصوصی تھے۔ دیگر مہمانوں میں ارسلان ستی، سعدیہ عباسی، راجہ محمد سرفراز، انجینئر زبیر خان، خلیل الرحمن بونیری، عرفان افسر اعوان، شیر اکبر آفریدی، افتخار احمد، فراز صدیقی، عمران اسلم، محمد اسلم ملک، عمران رفیق، میاں منیر ہانس، عرفان افسر اعوان، ملک شہزاد یونس، شیریں درانی، رفیق ناصر اور دیگر لوگوں نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز محمد علی قادری نے تلاوت کلام پاک سے کیا جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض صائمہ نقوی نے ادا کیے۔ تمام مہمانوں کی موجودگی میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور بانی پاکستان کو بہت اچھے الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ ایک پکے سچے اور راسخ العقیدہ مسلمان تھے۔ انہوں نے جس قدر محنت اور کوشش سے ہمیں یہ خطہ ارض لے کر دیا ہم ان کے بے حد ممنون و مشکور ہیں۔ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہم ایک آزاد اور خود مختار ملک میں رہ رہے ہیں۔
مقررین نے کہا کہ ہمیں قائداعظم کے ارشادات اور فرمودات پر عمل کرنا چاہیے تاکہ ہم پاکستان کو قائداعظم کی خواہش کے مطابق بناسکیں۔ تقریب میں باصلاحیت پاکستانیوں کو ان کے منفرد کام پر اعزازی شیلڈز اور ایوارڈز دئیے گئے۔ یو اے ای کے قومی ترانے کو اردو زبان میں پیش کرنے پر قونصلیٹ سٹاف ستی اور صحافی سعدیہ عباسی کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ تقریب کے شرکاءنے ایوارڈ ملنے پر سعدیہ عباسی اور ارسلان ستی کو خراج تحسین پیش کیا اور مبارکباد دی۔

Facebook Comments