منگل 30 اپریل 2024

مسافر ٹرینیں تاحکم ثانی معطل رہیں گی، شیخ رشید

مسافر ٹرینیں تاحکم ثانی معطل رہیں گی، شیخ رشید

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر مسافر ٹرینیں تاحکم ثانی معطل رہیں گی جبکہ فریٹ ٹرینیں پورے ملک میں چل رہی ہیں۔

راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ‘ہم کل سے مسافر ٹرینیں نہیں کھول رہے، یہ ہدایت گزشتہ روز کور کمیٹی کے اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے دی ہے، پہلے ہمارا خیال تھا کہ ہم یکم اپریل سے مسافر ٹرینیں چلانا شروع کردیں گے لیکن وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ یہ ٹرینیں تاحکم ثانی معطل رہیں گی۔’

انہوں نے کہا کہ ‘جب یہ ٹرینیں چلانے کی ہدایت ملی تو 72 گھنٹے قبل ان کی بکنگ کھولیں گے، فریٹ ٹرینیں پورے ملک میں چل رہی ہیں اور اجناس اور دیگر سامان کی نقل و حمل میں ریلوے اپنا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔’

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہمارے 65 ہسپتال اور ڈسپنسریز ہیں، ان تمام کو کورونا وائرس کے لیے مختص کر رہے ہیں اور جس صوبے میں یہ ہوں اس صوبے کی حکومت ہم سے یہ لے سکتی ہے، یہاں کے ریلوے ہسپتال میں بھی 50 بستروں کا خصوصی آئسولیشن وارڈ بنایا ہے جبکہ خدا نخواستہ کوئی ہنگامی صورتحال پیش آئی تو پاکستان ریلوے راولپنڈی میں 450 بیڈز کا بندو بست رکھتی جس کا خرچہ وہ خود برداشت کرے گی۔’

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ ‘صورتحال کرفیو کی طرف نہیں جائے گی اور نہ ہی کرفیو لگنا چاہیے، جو احتیاط کر رہے ہیں وہ قوم کی خدمت کر رہے ہیں، پاکستان میں اٹلی، امریکا اور اسپین جیسے حالات نہیں ہیں، ابھی حالات کنٹرول میں ہیں، اگلے 15 دن اہم ہے جن میں یہ وبا اگر طول نہیں پکڑتی تو امید ہے یہ دم توڑتی چلی جائے گی۔’

واضح رہے کہ ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر 24 مارچ کو مسافر ٹرین سروس کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا تھا۔

پاکستان ریلوے کے نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ ٹرین سروس کی معطلی کا اطلاق رات 12 بجے سے 31 مارچ تک 7 روز کے لیے ہوگا۔

بیان میں بتایا گیا کہ مسافروں کے ٹکٹ کی رقم ٹرین سروس کی بحالی پر دوبارہ ٹکٹ استعمال کرنے یا رقم کی واپسی کی صورت میں کردی جائے گی۔

اس سے قبل محکمہ ریلوے نے پہلے 12 ٹرینیں بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ ملک میں کورونا وائرس کے پیشِ نظر مسافروں کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے 34 ٹرینیں 15 رمضان تک بند رہیں گی۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں ہزاروں اموات کا سبب بننے والے نوول کورونا وائرس سے پاکستان میں بھی اموات اور نئے کیسز آنے کا سلسلہ نہ رک سکا اور ملک میں متاثرین کی تعداد 1600 سے تجاوز کرگئی جبکہ اب تک 21 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

پاکستان میں ایک روز میں سب سے زیادہ اموات 29 مارچ کو ریکارڈ کی گئیں، جہاں سندھ میں 2، پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں ایک، ایک مریض انتقال کرگیا جس کے باعث ایک روز میں 5 اموات سامنے آئیں۔

Facebook Comments