پیر 20 مئی 2024

کیئر نہیں کردا، ٹائم سپیئر نہیں کردا، ہائے وے بائیڈن تیرے دل وچ کی؟جو بائیڈن کے عمران خان سے رابطہ نہ کرنے پر ریحام خان کا طنز،میم شیئر کردی

عمران خان کی سابق اہلیہ و صحافی ریحام خان نے وزیراعظم سے امریکی صدر کے رابطہ نہ کرنے کے معاملے پر طنز کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک میم شیئر کر دی۔ ٹوئٹر پر جاری کردہ ٹوئٹ میں انہوں نے ایک تصویر شیئر کی جس میں جو بائیڈن اور عمران خان دونوں کو دکھایا گیا ہے۔

اس تصویر کے کیپشن میں ریحام خان نے لکھا کہ کیئر نہیں کردا، ٹائم سپیئر نہیں کردا، ہائے وے بائیڈن تیرے دل وچ کیہ؟ ساڈے نال شیئر نہیں کردا۔ انہوں نے پنجابی کے مصرعے لکھے جن کا مطلب ہے کہ ہمارا خیال نہیں کرتے، تم ہمارے لیے وقت نہیں نکالتے، جوزف بائیڈن تمہارے دل میں کیا ہے ہمیں کیوں نہیں بتا دیتے۔

ان کا اس طرح کی میم شیئر کرنے کا مقصد وزیراعظم عمران خان اور حالیہ پاکستانی سیاست پر طنز کرنا ہے کیونکہ رواں سال جنوری میں جب سے امریکی صدر نے حلف اٹھایا ہے انہوں نے دنیا کے بیشتر ممالک کے سربراہان کے ساتھ رابطہ کیا ہے سوائے عمران خان کے۔

یاد رہے کہ ریحام خان اکثر اوقات وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتی دکھائی دیتی ہیں اس لیے ان کے اس ٹوئٹ پر بھی ٹوئٹر صارفین نے ردعمل دیتے ہوئے ان کو روایتی انداز میں کھری کھری سنائی ہیں۔

اس ساری صورتحال کاپس منظر یہ تھا کہ مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ اگر امریکا پاکستان کے ساتھ رابطہ نہیں کرتا تو پاکستان کے پاس اور بھی آپشن موجود ہیں۔ دراصل کچھ ایسا طبقہ موجود ہے جس کا خیال ہے کہ پاکستان کا خود کو اس طرح اہمیت کا حامل سمجھنا ضروری نہیں کیونکہ امریکا پہلے ہی افغانستان سے رواں سال کے آخر تک انخلا کا اعلان کر چکا ہے۔

امریکا کے افغانستان انخلا پر پاکستان کو اعتماد میں نہ لینے کے معاملے پر خود امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم کہہ چکے ہیں کہ یہ سن کر حیرت ہوئی کہ صدر بائیڈن نے پاکستانی وزیراعظم پاکستان عمران خان سے پاک امریکا اور افغانستان تعلقات کے بارے میں رابطہ نہیں کیا۔

ہم کیسے توقع کر سکتے ہیں کہ پاکستان سے ہم آہنگی کے بغیر افغانستان سے ہمارے فوجیوں کی واپسی مؤثر ہوگی جب کہ بائیڈن انتظامیہ واضح طور پر جانتی ہے کہ اںخلا کے بعد بھی افغانستان میں ہمارے لیے مسائل موجود رہیں گے۔

امریکی سینیٹر نے مزید کہا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ جوبائیڈن کا افغانستان سے فوجیوں کے انخلا کے عمل میں پاکستان کو شامل نہ کرنے کا فیصلہ بڑی تباہی کی صورت میں عراق میں ہونے والی غلطی سے بھی بدتر غلطی ثابت ہوگا۔

Facebook Comments