جمعرات 09 مئی 2024

کورونا وائرس: پنجاب حکومت کا ترمیمی حکم نامہ ‘صوبے کے 4 بڑے شہروں میں تقریبات پرپابندی

لاہور(دھرتی نیوز ) نیشنل کمانڈراینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی)کی سفارشات پر عمل درآمدکرتے ہوئے پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے اقدامات کے طور پر 4 بڑے شہروں میں ان ڈور تقریبات پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے. صوبائی حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں 3 اگست کے لاک ڈاﺅن آرڈر میں ترمیم کر دی گئی ہے ترمیم شدہ حکم نامے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد میں ان ڈور تقریبات پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے.
نوٹیفکیشن کے مطابق آﺅٹ ڈور تقریبات میں بھی 300 سے زائد افراد شرکت نہیں کر سکیں گے جبکہ آﺅٹ ڈور شادی کی تقریبات رات 10 بجے تک کرنے کی اجازت ہو گی ترمیم حکم نامہ 31 اگست تک نافذ العمل رہے گا. دوسری جانب کراچی سمیت سندھ بھر میں کاروبار کھل گیا اور سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ بھی چل پڑی ہے سندھ حکومت نے کورونا پابندیوں میں مزید نرمی کا اعلان کر دیا ہے سندھ حکومت کی جانب سے کاروبار کا وقت رات 8 بجے تک مقرر کر دیا گیا ہے تاہم جمعہ اور اتوار کو دکانیں بند رہیں گی جبکہ ہوٹلوں کے اندرکھانے پر پابندی برقرار رکھی گئی ہے جبکہ آﺅٹ ڈور ڈائننگ کی رات 10 بجے تک اجازت ہو گی۔

صوبے میں مزارات اور سینما بھی بند رہیں گے.

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعدادو شمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 4 ہزار 40 کیسز سامنے آئے اور 53 مریض انتقال کر گئے علاوہ ازیں 2 ہزار 765 مریض صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد شفایاب افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 64 ہزار 404 ہوگئی. این سی او سی کے مطابق کورونا وائرس سے ہونے والی 53 اموات میں سے 25 اموات وینٹیلیٹرز پر زیر علاج مریضوں کی تھیں، وبا کے باعث سندھ کے بعد خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں ملک کے چار بڑے شہروں میں وینٹی لیٹرز پر زیر علاج کووڈ مریضوں کی شرح راولپنڈی میں 28 فیصد، پشاور میں 38 فیصد، ملتان میں 34 فیصد اور اسلام آباد میں 46 فیصد ہے.
علاوہ ازیں بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسز کے تناسب کے لحاظ سے ایبٹ آباد میں 59 فیصد، کراچی میں 60 فیصد، حیدر آباد میں 68 فیصد اور اسکردو میں 89 فیصد مریض ہیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کی تشخیص کے لیے 53 ہزار 528 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں 17 ہزار 625، پنجاب میں 19 ہزار 506، خیبرپختونخوا میں 10 ہزار 53، اسلام آباد میں 3 ہزار 89، بلوچستان میں ایک ہزار 47، گلگت بلتستان میں 541، آزاد کشمیر میں ایک ہزار 667 ٹیسٹ شامل ہیں.
اب تک ملک بھر میں کووڈ 19 سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 64 ہزار 404 ہو چکی ہے ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کے لیے مختص وینٹیلیٹرز پر 440 مریض زیر علاج ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں اس وبا کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹی لیٹر پر نہیں ہے علاوہ ازیں پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ 71 ہزار 620 تک پہنچ چکی ہے جس میں سے 83 ہزار 298 کیسز فعال ہیں.

Facebook Comments